وحدت نیوز(کوئٹہ) کوئٹہ میں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن، ایم پی اے یوسف شاہوانی نے ایک وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی اور رکن صوبائی اسمبلی آغا سید محمد رضا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کو کراچی میں پاک فوج اور آپریشن کی حمایت میں منعقد ہونے والے پروگرام میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے آپریشن کو ملک و ملت کے مفاد میں سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کراچی میں معصوم انسانوں خصوصاً شیعہ مسلمانوں کے قتل عام پر شدید تشویش ہے۔ ہم آپ کے توسط سے ایم کیو ایم کے قائد اور رہنماؤں سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ اسے روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ پاک فوج کی حمایت میں اجتماع کو مثبت اقدام سمجھتے ہیں مگر اس میں شرکت کا فیصلہ ایم ڈبلیو ایم کی مرکزی قیادت کرے گی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی آغا سید محمد رضا نے کہا کہ ہم محب وطن ہیں۔ اس لئے اتنے مظالم سہنے کے باوجود ہم نے وطن کی عزت و سربلندی اور بقاء کے لئے قربانی دی۔ دہشت گردی کے خلاف آپریشن کو عوام کی بھرپور تائید اور حمایت حاصل ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یوسف شاہوانی نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں۔ ان کے خلاف اور پاک فوج کی حمایت میں 6 جولائی کو کراچی میں تاریخی اجتماع ہوگا۔ ہماری خواہش ہوگی کہ اس تاریخی اجتماع میں مجلس وحدت مسلمین کی قیادت شریک ہو۔ ملاقات میں علامہ ولایت حسین جعفری، ڈاکٹر اقبال نظر، سید یوسف آغا، سلیم اختر ایڈووکیٹ و دیگر موجود تھے۔