وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عراق کے شہرمو صل میں پیغمبر خدا، حضرت یو نس ؑ کے روضہ مبارک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انبیائے الھٰی،اھل بیت رسول ﷺاور صحابہ کرامؓ کے مقدس مزارات کی اہانت کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری کی گئی ہے ۔سامراجی قوتیں لڑاؤ اور حکومت کرو ،کی پالیسی کے تحت امت مسلمہ کو آپس میں لڑانا چاہتی ہیں اور معصوم انسانوں کا خون بہانے والے دھشت گرد استعماری آلہء کار ہیں۔ جو سامراجی ایجنٹ بن کر دین مقدس اسلام کو بدنام کر رہے ہیں۔ مسجدوں میں بم دہماکے کرکے نمازیوں کو خون میں نہلانے والے مسلمان نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب ملک سے دھشت گردی کے خاتمے میں سنگ میل ثابت ہوگا ۔دھشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شھید ہونے والے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، اس وقت پوری قوم ملک سے دھشت گردوں کا خاتمہ چاہتی ہے اور پاک فوج کو عوام کی بھر پور حمایت حاصل ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس آپریشن کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے بلوچستان میں معصوم انسانوں کے قاتل دھشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھی اور حمایتی بھی دہشت گرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعجب کی بات ہے کہ جن لوگوں نے معصوم انسانوں کے قتل عام پر چپ کا روزہ رکھا ہوا تھا وہ اب دہشت گردوں کے خلاف کاروائی پر کیسے واویلا کر رہے ہیں۔