وحدت نیوز (کوئٹہ )مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے سردار اختر مینگل کی رہائشگاہ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بی این پی کے مرکزی رہنما سابق رکن بلوچستان اسمبلی میر اکبر مینگل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان کے حقوق کے لئے سردار اختر مینگل نے قابل قدر جدوجہد کی ہے۔ ان کی رہائشگاہ پر حملہ افسوسناک ہے۔ حملے کا مقصد صوبے کی ہر دلعزیز سیاسی قیادت کو دیوار سے لگانے کی سازش ہے۔ بی این پی مینگل نے مذہبی رواداری اور اقوام کے درمیان بھائی چارے کے فروغ کے لئے جدوجہد کی ہے۔ اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے بی این پی کے مرکزی رہنما میر اکبر مینگل نے کہا کہ سردار اختر مینگل کی رہائشگاہ پر حملہ انہیں حراساں کرنے کی سازش ہے۔ مگر ہمارے عزم اور حوصلے بلند ہیں۔ ہم نے ہمیشہ مظلوموں کی حمایت کی ہے اور صوبے میں بے گناہ انسانوں کے قتل عام پر صدائے احتجاج بلند کی ہے۔ بی این پی مینگل کو حق گوئی کی سزا دی جا رہی ہے۔