وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن سے جاری کردہ بیان کے مطابق رُکن صوبائی اسمبلی آغا محمد رضا رضوی نے کہا کہ انتہاپسندی کی عفریت سے نبردآزماہونے اوراس حوالے سے چیلنجزکامقابلہ کرنے کے لئے حکومت،عوام ، میڈیا، دانشوروں، سماجی تنظیموں اورمعتدل سیاسی و مذہبی جماعتوں کواپنی ذمہ داریوں کونبھاناہوگا۔اُن کا کہناتھا کہ ہم ملک میں تعلیم کو جتناعام کریں گے۔ ہمارے بچوں اورجوانوں کے ذہنوں میں انسان دوستی اورامن دوستی کی سوچ میں اُس قدراضافہ ہوگا۔اگرہم چاہتے ہیں کہ ملک سے غربت اورانتہاپسندی کاخاتمہ ہو تو ہمیں تعلیم کی روشنی کوگھرگھرپھیلاناہوگا۔ علم کے نورسے ہی ہم ملک سے انتہاپسندی کی جہالت کاخاتمہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت کوچاہیئے کہ وہ جمہوریت، امن ، تعلیم مخالف قوتوں نیز شدت پسندی اورانتہاپسندی کی سوچ کو بڑھاوادینے والی گروہوں، تنظیموں اوراداروں کے خلاف کاروائی کرکے اُن پر مکمل پابندی عائدکرے۔اوربے روزگارنوجوانوں کو روزگارکے مواقع فراہم کرے تاکہ دہشت گرداو رانتہا پسند تنظیمیں بے روزگاری سے تنگ جوانوں کواپنے ناپاک مقاصدکے حصول کے لئے استعمال نہ کرسکیں۔
انہوں نے مزیدکہاکہ دوسروں کے قومی ومذہبی عقائدونظریات کے خلاف جلسے جلوسوں میں نفرت آمیز تقاریراور میڈیا پر ہرقسم کے شرانگیزبیانات پربھی پابندی عائدکرنالازمی ہوگاجس سے معصوم عوام کو گمراہ کُن کرکے معاشرے میں مذہبی انتہاپسندی اور نفرت وتنگ نظری کاپرچارکیاجاتاہے۔بلوچستان میں پشتون، بلوچ، ہزارہ، پنجابی اوردیگراقوام صدیوں سے امن و آشتی کے ساتھ زندگی بسرکررہے ہیں۔ اورصوبے کی ترقی میں اہم کرداراداکررہے ہیں۔ جمہوریت مخالف قوتوں کے قائم کئے ہوئے مذہبی انتہاپسندتنظیمیں اورپاکستان دشمن ممالک کے آلہٗ کار صوبے کی پُرامن فضاء کو اپنی انتہاپسندانہ سوچ اورسرگرمیوں سے متاثرکررہے ہیں۔ہم صوبے کے تمام ذمہ دار،امن دوست ، انسان دوست، جمہوریت پسنداورترقی پسندقوتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آگے بڑھیں اوربلوچستان میں موجودبھائی چارے کی فضاء کو اِن مذہبی انتہاپسندتنظیموں کے شرانگیزگھناؤنی سازشوں سے نجات دلانے کے لئے اپناکرداراداکرکے اِن مذہبی انتہاپسندتنظیموں سے برملا اظہاربیزاری کریں۔