وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور حلقہ 12 کےکونسلرکربلائی رجب علی نے کہا ہے کہ قاتلوں اور ڈاکوؤں کا پکڑا جانا انتہائی خوش آئند ہے۔ علاقہ تھانہ اور اس کا عملہ مبارکباد کا مستحق ہے کہ اتنی جلدی مجرموں تک پہنچ کر انصاف کی فراہمی کو ممکن بنایا لیکن انتہائی افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ بعض لوگ ناجائز سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے کارِ سرکار میں مداخلت کرکے انصاف کے حصول کو لوگوں کیلئے مشکل بناتے ہیں۔ ایسے عناصر غنڈوں، قاتلوں اور ڈاکوؤں کی بےجا حمایت اور پشت پناہی کرکے علاقے میں بے راہ روی اور لاقانونیت کو فروغ دے رہے ہیں۔ جن لوگوں کو زبردستی حراست سے چڑایا گیا، مسروقہ مال کا انہی کے گھر سے برآمد ہونا انتہائی تشویش ناک ہے۔ ہم پہلے بھی لاقانونیت کی مذمت کرتے تھے اور اب بھی کرتے ہیں۔ ایسے تمام عناصر کی مذمت کرتے ہیں، جو زور زبردستی سے قانونی کاروائیوں کی راہ میں حائل ہو کر انصاف کے حصول میں رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں۔ ہمارا متعلقہ تھانے اور اس کے عملے سے بھی مطالبہ ہے کہ اب انصاف کے حصول کیلئے برآمد شدہ مسروقہ مال کو جلد از جلد متاثرہ تاجروں کے سپرد کر دیا جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنا کاروبار شروع کرسکیں اور آئندہ ہر کسی کے پریشر میں آ کر چوروں، ڈاکوؤں اور قاتلوں کو رہا کرنا چھوڈ دے ورنہ عوام کا قانون نافذ کر نے والے اداروں سے اعتماد اٹھ جائیگا۔