وحدت نیوز(کوئٹہ) القدس کمیٹی کوئٹہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کل بروز جمعتہ الوداع قبلہ اول قدس کی آزادی کے لیے عالمی یوم القدس کا جلوس امام بارگاہ نچاری ہزارہ علمدار روڈ سے بہشت زینب سلام اللہ علیہا ہزارہ قبرستان تک نکالا گیا۔ جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے لگاکر اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ اس احتجاجی جلوس میں اہل سنت کے علماء و اکابرین بالخصوص ملی یکجہتی کونسل میں شامل جماعتوں کے سربراہوں اور کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ شرکاء جلوس سے ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی صدر عبدالمتین آخونزادہ، امام جمعہ کوئٹہ وایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی ، ایم ڈبلیوایم اور ایم وائی سی کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی اور دیگر مقررین نے خصوصی خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم القدس صرف قدس کے لیے مخصوص نہیں ہے بلکہ یہ تمام مستضعفین اور کمزور شدہ لوگوں کا عالمی دن ہے آج تمام استحصال شدہ لوگوں کا استخصالی قوتوں سے مقابلہ کا دن ہے۔ یوم القدس انسانیت کو بچانے کا دن ہے۔ آج تمام بیدار انسان ظالم استکباری قوتوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ یوم القدس مسلمانان عالم کے اتحاد اور ان کے بکھری ہوئی تمام قوتوں کو یکجا کرنے کا دن ہے۔ غزہ اور فلسطین کے مسلمانوں کی ہمت نے امریکہ ، اسرائیل اور تمام اسلام دشمن قوتوں کے دنیا پر قبضہ کرنے کا خواب چکنا چور کردیاہے لہذا تمام مسلمانان عالم کا فرض ہے کہ وہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کو حمایت ، حوصلہ افزائی اور ان سے ہر ممکن تعاون کریں۔ درحقیقت غزہ کے مظلومین،پاکستان، افغانستان سمیت تمام اسلامی ممالک کی حفاظت کررہے ہیں۔
مقررین کا مذید کہنا تھا کہ ہمیں بھی آئے دن کئی کئی لاشوں کا تحفہ ملتا ہے لیکن فلسطین وغیرہ کے مظلوم مسلمانوں نے اپنی جرات و ہمت اور خود قربانی دے کر تمام مسلمانان عالم کی حفاظت کر رہے ہیں۔ لہذا ان کی حمایت کرنے پر کوئی احسان نہیں کررہے بلکہ ایک انسان اور مسلمان ہونے کی وجہ سے ہم پر واجب ہے کہ مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے لیے آواز اُٹھائے۔ جلوس کا اختتام ہزارہ قبرستان بہشت زینب سلام اللہ علیہا پر فلسطین و قبلہ اول کی آزادی کے دعائے خیر سے ہوئی۔ اور اسرائیلی پرچم نذر آتش کی گئی۔