وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری سیاسیات غلام عباس نے کہا ہے کہ سنچری ڈیل فلسطینی عوام کی تحریک مقاومت کو ختم کرنے کا بہانہ ہے۔ مسئلہ فلسطین کا واحد حل ارض فلسطین سے غاصب اسرائیل کا انخلاء ہے۔ فلسطینی عوام نے سنچری ڈیل کو مسترد کر دیا ہے۔ اسرائیل اور امریکہ کا پیش کردہ کوئی بھی منصوبہ فلسطینی عوام کے حق میں ہرگز نہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک غاصب حکومت ہے جس کے خاتمے سے ہی فلسطین کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ سنچری ڈیل فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کا منصوبہ ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وائٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں فلسطین کے کسی بھی نمائندے کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی جبکہ اس تقریب میں عمان، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے سفیروں کی شرکت قابل مذمت ہے۔ مسئلہ فلسطین کا حل فلسطین کے عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہئے نہ کہ غاصب اسرائیل اور امریکہ کی مرضی کے مطابق۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں نام نہاد قیام امن کیلئے امریکہ اسرائیل کی جانب پیش کردہ سنچری ڈیل مسئلہ فلسطین کو دبانے کا بہانہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے حریت پسند صدی کی اس نفرت انگیز ڈیل کے خلاف متحد ہو جائیں اور فلسطینی عوام کی حمایت اور غاصب اسرائیل کا فلسطین پر قبضہ چھڑانے اور بیت المقدس کی آزادی کیلئے صف آرا ہو کر صدی کی اس ڈیل کیخلاف آواز بلند کریں۔