وحدت نیوز(سکردو)یوم پاکستان کے موقع پر رکن گلگت بلتستان کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ ہماری تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، قرارداد لاہور نے برصغیر کے مسلمانوں کوعظیم مقصد کے لیے متحد کیا، قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور تحریک آزادی کے قائدین کی قربانیوں سے حصول پاکستان کی راہ ہموارہوئی۔23 مارچ 1940 کو مسلمانوں نے الگ ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا، آج ہم 23 مارچ 1940ء کو یوم پاکستان کے طو رپر منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی پر نظر ڈالتے ہوئے مستقبل کی فکر کرنا ہوگا اور کامیابیوں کے ساتھ ساتھ کوتاہیوں کا جائزہ بھی لینا ہوگا۔آج کا دن قائد اعظم اور علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ہے، 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا سنہرا دن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قیام پاکستان کا مقصد ارض پاک کو ایک اسلامی جمہوری اور فلاحی ریاست بنانا تھا، پاکستانی قوم کسی بھی مشکل اور کسی بھی مصیبت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہےآزادی کی تاریخ میں یوم پاکستان 23 مارچ کے دن کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، یہ ایک ایسا دن ہے جب آزاد وطن کے خواب کو عملی تعبیر دینے کی بنیاد رکھی گئی، بحیثیت قوم ہم قائداعظم اور ان کی زیر قیادت قرارداد پاکستان منظور کرنیوالے مسلم لیگ کے اکابرین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔