وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے صدر آغا علی رضوی نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے گندم کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کے فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ عوامی ایکشن کمیٹی، انجمن تاجران اور دیگر سٹیک ہولڈر کے ساتھ مل کر جلد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان کے عوام سڑکوں پر نکل آنے کے بعد حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ سیاسی حکمران ان عوام پر رحم کریں اور وفاق کے سامنے ڈٹ جائیں۔ صوبائی حکومت کا وفاق سے حقوق حاصل نہ کرسکنا انکے خلاف ہی ریفرنڈم ہے۔
موجودہ صوبائی حکومت میں تقریبا ساری سیاسی جماعتیں موجود ہیں یہ سب جماعتیں مل کر بھی وفاق سے چند ارب روپے لینے کی ہمت نہیں رکھتیں تو ان سے گلگت بلتستان کی تقدیر بدلنے کی توقع کیسے رکھیں۔ ابتدائی مرحلے پر عوام کے ساتھ ملر کر عوامی ایکشن کمیٹی اور انجمن تاجران کے پرچم تلے پہلے صوبائی حکومت کے خلاف دنگل سجا دیں گے اس کے بعد وفاق کے خلاف میدان میں آئیں گے۔ گلگت بلتستان کے عوام احتجاج کی تیاری کریں اور تمام تر تفرقات کو بالائے طاق رکھ کر متحد ہوکر آگے بڑھیں۔ ہم عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت میدان میں رہیں گے۔