وحدت نیوز(اسلام آباد)معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان شبیر احمد عثمانی کی گلگت بلتستان کونسل کے ممبران و افسران کے ساتھ گلگت بلتستان کونسل سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں تفصیلی میٹنگ ہوئی۔اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان اور کونسل ممبران کی ممکنہ سیشن پر تفصلی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر کونسل ممبران نے سوست میں تاجر برادری کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر بھر پور احتجاج کرتے ہوئے زور دیا کہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جاۓ جس پر معاون خصوصی شبیر احمد عثمانی نے کونسل ممبران کو یقین دلایا کہ وہ وزیرِ اعظم پاکستان سے اس معاملے میں بات کرینگے اور مسئلے کا حل نکالیں گے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ ایف بی آر کے ساتھ ہونے والے میٹنگ میں گلگت بلتستان کے تاجر برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
ممبران کونسل نے پی ایس ڈی پی کے پروجیکٹس کے کاموں میں سست روی کو بھی معاون خصوصی کے نوٹس میں لایا جس پر انہوں نے متعلقہ فورم سے بات کرنے کا یقین دلایا۔ممبران کونسل نے جامعہ قراقرم اور جامعہ بلتستان کے مالی مشکلات سے بھی مشیر وزیراعظم پاکستان کو آگاہ کیا۔اجلاس میں چیئرمین قائمہ کمیٹی گلگت بلتستان کونسل ایوب شاہ، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی گلگت بلتستان کونسل اقبال نصیر،ممبران کونسل شیخ احمد علی نوری،سید شبیہ الحسنین،عبد الرحمٰن،جوائنٹ سیکرٹری جی بی کونسل سیدھر خان خٹک اور دیگر افسران شریک تھے۔