وحدت نیوز(گلگت)یوم اقبال کے موقع پر گلگت بلتستان کونسل کے ممبران ایوب شاہ،شیخ احمد علی نوری،سید شبیہ الحسنین،اقبال نصیر،عبد الرحمٰن اور حشمت اللہ نے میڈیا کو جاری ایک پیغام میں کہا کہ علامہ محمد اقبال ؒ کے افکار عالمگیر حیثیت کے حامل ہیں۔امت مسلمہ کو درپیش مختلف مسائل کی نشاندہی کرنے اور ساتھ ہی ان مسائل کا حل آپ کے شہرہ آفاق شعری مجموعوں اور کلام میں پنہاں ہے۔مملکت پاکستان علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر کے طور پر وجود میں آیا۔ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے ہمیشہ مسلمانوں کے اتحاد،اتفاق اور عمل کی بات کی جس کا اثر مسلمانوں پر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اقبال نے تصور پاکستان کا نظریہ پیش کرکے مسلمانوں کو ایک علیحدہ تشخص اور پہچان دی۔اقبال نے رنگ و نسل کے امتیاز کی حوصلہ شکنی کرکے وحدت امت مسلمہ پرزور دیا۔ اقبال کی خواہش اور پیغام تھا کہ نیل سے لیکر کاشغر تک تمام مسلمان حرم پاسبانی اور اور غلبہ اسلام کی بحالی کے لیے ایک ہوجائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں آج تحریک پاکستان کے اس جذبے کی ضرورت ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو یکجا کرکے پاکستان کے قیام کے حصول کوممکن بنایا ہے۔ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر لانے کے لیے حکیم الامت کے پیغام کو عام کرنا ضروری ہے۔