وحدت نیوز(سکردو)پوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ رسول اکرم ص کی ذات اقدس تمام مسلمانوں کے لیے مرکز اتحاد ہے۔ حضور ختمی مرتبت ص اور اور امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے موقع پر ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں اور حضور اکرم نبی پاک کی تعلیمات سے روگردانی ہی تفرقہ اور زوال کا بنیادی سبب ہے۔
انہوں نے کہا کہ 56 سے زائد اسلامی ممالک آج اگر تماشائی بن کر غزہ و فلسطین میں جاری ظلم و ستم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر بیٹھے ہیں تو یہ سب رسول مکرم کی تعلیمات سے دوری کا نتیجہ ہے۔ عالم اسلام کو آج جتنی وحدت کی ضرورت ہے شاید کبھی نہ ہو۔ حضور اکرم کی ذات اقدس تمام مسلمانوں اور انسانوں کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ انکی پاکیزہ تعلیمات پوری زندگی پر محیط ہے۔ ایک مکمل ضابطہ حیات جو انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو نکتہ معراج تک پہنچانے کی صلاحیت رکھ سکتا ہے وہ اسلامی تعلیمات ہے۔
قرآن و سنت کی عملداری جس بھی معاشرہ میں ہو وہ معاشرہ مثالی معاشرہ ہوتا ہے۔ آج انسانی اقدار ناپید ہے اور اسلامی ممالک دنیا میں حاکم نہیں ہے تو یقینا رحمت العالمین کی تعلیمات سے دوری کا نتیجہ ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام مسلمان جسے نبی پاک ص نے جسد واحد قرار دیا ہے حقیقی معنوں میں جسد واحد بن کر مشترکہ دشمنوں کے خلاف صف آرا ہو۔