وحدت نیوز(بلتستان) عوامی ایکشن کمیٹی گلگت گندم سبسڈی کے خاتمے کیخلاف تحریک اور چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری کے سلسلے میں اپنے ہنگامی دورہ پر اسکردو پہنچ گئی۔ عوامی ایکشن کمیٹی نے بلتستان میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹریٹ میں آل پارٹیز کانفرنس سے ملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں بلتستان کے تمام سیاسی و مذہبی پارٹیاں شریک تھیں۔ ان میں پاکستان پیپلز پارٹی،پاکستان مسلم لیگ نون، آل پاکستان مسلم لیگ، پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی بلتستان، گلگت بلتستان یونائیٹڈ موومنٹ، انجمن اہل سنت بلتستان، مرکز اہل حدیث بلتستان، صوفیہ امامیہ نوربخشیہ اور امامیہ نوربخشیہ کے نمائندے شریک تھے۔ آل پارٹیز کانفرنس بلتستان نے عوامی ایکشن کمیٹی کی حمایت کا بھرپورر اعلان کیا اور واضح کیا کہ آل پارٹیز کانفرنس بلتستان عوامی ایکشن کمیٹی کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اس سلسلے میں اگر گندم سبسڈی کو بحال نہ کیا گیا اور چارٹر آف ڈیمانڈ کو منظور نہ کیا گیا اور عوامی ایکشن کمیٹی کے شانے سے شانے ملا کر 23 مارچ کے بعد دھرنوں کی تیاری شروع کی جائے گی اور مطالبات کی منظوری تک گلگت بلتستان بھر میں دھرنے دئیے جائیں گے۔