وحدت نیوز(دھیرکوٹ) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے وفد کا دورہ غازی آباد، مجاہد اول ، سابق صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان کے انتقال پر اظہار تعزیت و فاتحہ خوانی، سابق وزیر سردار عتیق خان سے ملاقات ، تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے وفد نے غازی آباد دھیر کوٹ کا دورہ کیا، وفد کی قیادت ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کی، جبکہ وفد میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد محمود عباسی، سیکرٹری سیاسیات سید تصور عباس موسوی اور رہنماء ایم ڈبلیوایم سید حسین سبزواری بھی شامل تھے، وفد نے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان سے ملاقات کی ، ان کے والد، مجاہد اول،تحریک آزاد کشمیر کے درخشاں ستارے، سابق صدر و وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان کے انتقال پرملال پر اظہار تعزیت کیا، اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ میں مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے رہنماؤں کا تہہ دل سے شکرگزار ہوں ، جنہوں نے یہاں آ کر ہماری دلجوئی کی اور اظہار ہمدردی کیا، ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور جوادی نے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان ہر دل عزیز لیڈر تھے، انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کی راہ میں بے پناہ قربانیاں دیں ، مرحوم کے کئی کام ایسے تھے جو تاحشر یاد رکھے جائیں گے، مرحوم بلاتمیز پارٹی سب کے لیڈر تھے، سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان کے انتقال سے بہت بڑا خلا پیدا ہوا ہے، مرحوم کی ریاست کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے خدمات نا قابل فراموش ہیں ۔ مرحوم مدبر،زیرک اور انتہائی قابل سیاست دان تھے۔ آزاد کشمیر میں اسلامی نظریاتی کونسل کا قیام، محکمہ امور دینیہ کا قیام اور دیگر بیشتر ایسے امور ہیں جو مرحوم کی اسلام دوستی کے گواہ ہیں ، یقیناًاہلیان ریاست خصوصاً اپنے خاندان اور جماعت کے لیئے مرحوم کی موت ناقابل تلافی صدمہ ہے۔ مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے صبر و اجر کے لیئے دعا گو ہیں۔