وحدت نیوز(گڑھی دوپٹہ) حسین ؑ چراغ ہدایت، نجات کی کشتی ہیں، حسین ؑ نقطہ اتحاد و وحدت ہیں، حسین ؑ سر نہ دیتے تو نہ یہ نمازہوتی نہ یہ اذانیں ، ان خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیرعلامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے سرینگر روڈمجہوئی کے مقام پر مرکزی جلوس چہلم سیدالشہداء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ ذات حسین ؑ کسی مکتب یا مذہب تک محدود نہیں بلکہ ہر انسان کے لیئے ہے، حسین ؑ نے صرف دین اسلام نہیں بچایا بلکہ ضمیر انسان بچایا ہے ، انسانیت بچائی، اقدار انسانیت کو تحفظ دیا، بابا گرو نانک بھی یہ کہنے سے نہ رہ سکا کہ ہر با ضمیر انسان کے ضمیر کا مالک حسین ؑ ابن علیؑ ہے، انہوں نے کہا کہ آج کربلا میں کروڑوں لوگ جمع ہو کر دین اسلام کے محافظ حسین ؑ کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، لیکن دیکھا گیا کہ عیسائی بھی سلام عقیدت پیش کرنے آئے ہیں، پتہ چلتا ہے کہ حسینؑ سب کا ہے، بقول اقبال کہ قوم کو بیدار تو ہو لینے دو ہر قوم پکارے گی کہ ہمارے ہیں حسینؑ ، کربلا کی طرح آج کشمیر کی اس خوبصورت سرزمیں شیعہ سنی کا اکٹھے ہو کر لبیک یا حسین ؑ کا نعرہ بلند کرنا اس بات کی واضح دلیل ہے کہ اتحاد رسول ؐ کے بیٹے حسین ؑ کی ذات کی اتباع میں ہے، لبیک یا حسین ؑ کا مطلب لبیک یا رسول اللہ ہے ، خود رسول ؐ نے کہا تھا کہ حسین ؑ مجھ سے ہیں اور میں حسین ؑ سے ہوں ، پتہ چلا ذکر حسین ؑ ذکر رسول ؐ ہے اب اگر کوئی اس ذکر سے انکار کرے گویا اس ذکر سے انکار کر رہا ہے جس کا اللہ حکم دیتا ہے، بس آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ عَلم حسین کو تھام کر ایک ہو جائیں ، تکفیریوں کو تنہا کر دیں ، اور ذکر حسین ؑ مل کر عام کریں۔چراغ ہدایت جو کہ نور بھی ہے سے روشنی لیں، اور اپنی دنیا و آخرت سنوار لیں۔