وحدت نیوز (مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کا وزیراعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ ، شریعت کورٹ میں ججوں کے انتخاب میں اہل تشیع کو نمائندگی دی جائے، شریعت کو رٹ کے حوالے سے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے کو سراہتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی، سیکرٹری تبلیغات علامہ ممتاز حسینی، سیکرٹری تربیت علامہ افتخار الحسن، سیکرٹری روابط مولانا سید حمید حسین نقوی ، سیکرٹری جنرل مولانا سید طالب حسین ہمدانی، مولانا مجاہد حسین کاظمی، مولانا سید محبت کاظمی، مولانا منتظر حسین نقوی و دیگر علماء نے وحدت سیکرٹریٹ سے جاری اپنے مطالباتی بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ جناب وزیراعظم آزاد ریاست جموں و کشمیر سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ ریاست کی شریعت کورٹ میں ان ججوں کا انتخاب و تقرر کیا جائے جو شریعت اور قانون کے ماہر ہوں ، ان میں مکتبہ اہل تشیع کی نمائندگی بھی یقینی ہو جو فقہ جعفریہ کے قانون کی تشریح و تعبیر کر سکے۔ جس کی وجہ سے ملکی وحدت اور شریعت کی ترجمانی صحیح تر ہو جائے۔اور فقہ جعفریہ کے پیروکاروں کو قرین انصاف مہیا ہو ، ہم امید رکھتے ہیں کہ وزیر اعظم ہمارے اس مطالبے پر غور فرمائیں گے، اور ملت تشیع بھی چونکہ اس ریاست کی باشندہ ہے اس لیئے اسے اس کے مکتب کے مطابق انصاف ملت کا بنیادی حق ہے۔