وحدت نیوز(میرپورآزادکشمیر) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر ڈسٹرکٹ میرپورکے سیکرٹری جنرل سیدناظر عباس نے کہا کہ حکومت جمہوریت کا لبادہ اُوڑھ کر آمریت کے دور کی یادوں کو تازہ کر رہی ہے ۔حکومت طاقت کے زور پر عوام کی آواز کو دبانا چاہتی ہے ۔ جو کہ کسی بھی صورت جمہوری حکومت کو زیب نہیں دیتا۔ پولیس کا مظاہرین پر تشدد ، لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے ۔ حکومت کو صبر سے کام لینا چاہیے سیاسی معاملات بات چیت کے ذریعے حل ہوں تو جمہوریت کا پتہ چلتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے میرپور میں مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر ضلع میرپور ، تحریک انصاف میرپور اور عوامی تحریک میرپور کے مشترکہ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا اسلام آبادمظاہروں اور دھرنوں کی لگاتار نشریات پیش کرنے پر میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور صحافیوں پر تشدد کی پر زور مذمت کرتے ہیں ۔ ہم اُن صحافی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں جو حق اور سچ کی بات کو عوام تک پہنچانے میں جان کی پروا کیے بغیر مشکل سے مشکل ترین واقعات کی کوریج کے لئے بھی جاتے ہیں ۔ حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے ۔جمہوریت جمہور کی منشاء کا نام ہے ۔حکمران کس جمہوریت کی بات کرتے ہیں ۔ جمہوریت تو ادھر ہی ختم ہو جاتی ہے۔ جب جمہور کی آواز کو طاقت سے دبانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔