وحدت نیوز(مظفرآباد ) پشاور مسیحی برادری کے چرچ پر یکے بعد دیگر خودکش حملے کھلی دہشتگردی، سیکورٹی اداروں کی نا اہلی اور رسول خدا ؐ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ اسلامی ریاست تمام غیر مسلموں کی عبادتگاہوں اور جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔غیر مسلم خصوصی حقوق رکھتے ہیں ۔مباھلہ میں بنی نجران کے عیسائیوں کے ساتھ عالمگیر معائدہ کر کے رسول خداؐ نے تمام عالم اسلام کے فرائض اور عیسائیوں کے حقوق ، مسلمانوں اور عیسائیوں کے درمیان تعلقات اور مساوات اور غیر مسلموں کی مکمل مذہبی آزادی کے تعین کیلئے عظیم الشان مثال قائم کی جس کی تقلید ہر اسلامی ریاست پر لازم اور احکامات نبویؐ پر عمل درامد کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔حکومت طالبان سے مزاکراتی عمل کو شروع کرنے سے پہلے طالبان کو دہشتگردی اور خودکش حملے کرنے سے روکے۔ حکومت کمزور وکٹ پر مذاکرات کر رہی ہے، جو ہر صورت ایک بہت بڑے خطرے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے ریاستی کابینہ کے اراکین نے علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کی صدارت میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عبدالرحمٰن شاہ کاظمی ،ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سید سرفراز حسین کاظمی ، سیکرٹری سیاسیات سید تصور عباس موسوی ، سیکرٹری تنظیم سازی عابد حسین قریشی ، سیکرٹری آفس سید سجاد حسین ، سیکرٹری یوتھ سید عمران حیدر، سیکرٹری فلاح و بہبود سید محسن رضا ایڈووکیٹ ، سیکرٹری روابط سید حمید حسین نقوی ، سیکرٹری نشرواشاعت سید قلندر حسین نقوی و دیگر نے کہا کہ حکومت کو اب ہوش کے ناخن لینے چاہییں،طالبان سے مذاکرات کا مطلب مملکت خداداد کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنا ہے، پشاور میں ہونے والے المناک سانحے کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں، مسیحی برادری کا قتل انسانیت کا قتل ہے، حکومت کو مسیحی بردری کو تحفظ دینے کے ساتھ ساتھی مذموم کاروائی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا چاہیے، ہم ہر مظلوم کے ساتھ ہیں اور مسیحی برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔مجلس وحدت مسلمین ہر مظلوم کے ساتھ ہے چاہے وہ عیسائی ہی کیوں نہ ہو، ہم مظلوموں کے لیئے آواز بلند کرتے رہیں گے، ہم ظالم کے مقابلے میں ہر وقت میدان عمل میں موجود رہ کر آوازا ٹھاتے رہیں گے، حکمرانوں کی طرف سے دہشت گردوں کی رہائی ان کی مملکت خداداد سے وفاداری مشکوک کرتی ہے، 50ہزار سے زائد شہدا کے مقدس لہو سے غداری کے مترادف ہے، یہ قدم ملکی سلامتی کے لیئے ایک سنگین مذاق ہے۔
مسیحی برادری پر حملہ کھلی اسلام دشمنی اور تعلیمات رسول (ص) کی پامالی ہے ، ایم ڈبلیو ایم آزاد جموں کشمیر