وحدت نیوز(مظفرآباد) بھارت کا یوم جمہوریہ کشمیری قوم یوم سیاہ کے طور پر منا رہی ہے بھارت کو کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ایک ایک ظلم کا حساب دینا ہوگا،جمہوریت کے دعویداربتائیں کشمیریوں پر روا ظلم کونسی جمہوریت ہے بھارت نے مقبوضہ وادی ریاستی دہشتگردی کی بدترین مثالیں قائم کی ہیں بھارتی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم کشمیری طلباء کا قتل عام کیا گیا ہے کرکٹ میچ پر پاکستان کی حمایت کرنے والے کشمیری طلباء کو مقدمات قائم کر کے یونیورسٹی سے نکالا گیا ہے خود بھارت کے اندر انہی مظالم کی وجہ سے علیحدگی کی تحریکوں نے جنم لیا ہے بھارت میں مسلمانوں اور سکھوں کے ساتھ مظالم روا رکھے گے ہیں مسلم کش فسادات میں بھارتی وزیراعظم کے ملوث ہونے کے شواہد بھی میڈیا پر سامنے آچکے ہیں لیکن پاکستانی حکمران کبھی تو بھارت کو موسٹ فیورٹ نیشن قراردینے کی کوشش کرتے ہیں اور کبھی وزیراعظم نریندرمودی کی ماں کے لئے ساڑھیاں بھیجوائی جاتی ہیں ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے ریاستی سربراہ علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے ایک خصوصی نشست سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اگر یوم جمہوریہ منانے سے پہلے ان کشمیریوں کو ایک موقع دے جو سالہاسال سے ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں تو یقینا وہ الحاق پاکستان کا اعلان کریں گے اس طرح بھارت کو جمہوریت کا دعویٰ بھی زیب دے گا علامہ سید تصور جوادی نے کہا کہ کشمیریوں کی منزل آزادی اور الحاق پاکستان ہے کیونکہ یہ کسی زمینی ٹکڑے کی جنگ نہیں بلکہ اصول نظریات اور مذھبیات کی بنا پر کشمیری اور پاکستانی ایک قوم ہیں جنہیں کسی غاصبانہ تسلط یا خونی لکیر کے ذریعے ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا ضروری ہے کیونکہ مسئلہ کشمیر حل کئیے بغیر خطہ میں پائیدار امن کے قیام کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔مجلس وحدت مسلمین کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہم بین الاقوامی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ ،او آئی سی اور امن عالم کے دعویدار اداروں سے مطالبات کرتے ہیں کہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور کشمیریوں کے دکھوں کے مداوا کے لئے عملی اقدام اٹھائے انہوں نے بھارت میں یوم القدس کے جلوسوں کو بطور مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اسرائیل ایک ہی سکے کے دو رخ اسی لئے ہندوستان میں مسلم امہ کی حمایت میں نکالے جانے والے جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کردی جاتی ہے اور عوام کو سڑکوں پرگھسیٹا جاتا ہے ۔