وحدت نیوز(بغداد) گزشتہ روز مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے سابق عراقی نائب صدر اور وزیر اعظم، حزب الدعوۃ عراق کے سربراہ نوری المالکی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے امسال اربعین حسینی کے موقع پر زائرین کو درپیش ویزا مسائل پر عراقی حکومت اور خصوصاً عراق کی سیاسی قیادت کے فوری اور مثبت ردعمل پر نوری المالکی کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے پاکستانی زائرین کے لیے عراقی ویزا کے مسائل کے مستقل حل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ویزا کے حوالے سے درپیش مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا اربعین حسینی کے اہم موقع پر ویزا جاری کرنے میں درپیش مسائل کیوجہ سے پاکستانی زائرین کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ پاکستانی شہریوں کو درپیش ویزا مسائل کے حوالے سے نوری المالکی نے کہا کہ میں نے اپنے دورِ حکومت میں ویزا مسائل کو سیاحتی کمپنیوں کے ذریعے مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی جانب قدم بڑھایا تھا اور میں بہت جلد موجودہ حکومت خصوصاً وزارت داخلہ سے اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی بات کروں گا۔
ایک گھنٹہ جاری رہنے والی اس ملاقات میں حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی حکومت نے گزشتہ پانچ اگست سے کشمیر کو ایک جیل بنا رکھا ہے اور کشمیر میں ایک ملین ہندوستانی فوج داخل کرکے تاریخ کے بدترین مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا اگر عالمی برادری خصوصاً امتِ مسلمہ مسئلہ کشمیر پر نہ اٹھی تو کشمیر میں ایک ایسا انسانی المیہ رونما ہوسکتا ہے جس کے آثار کئی نسلوں کو متاثر کریں گے اور یہ مسئلہ انتہائی گھمبیر شکل اختیار کرلے گا۔
سابق عراقی وزیر اعظم نوری المالکی نے کہا ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے تشویش کا شکار ہیں اور مختلف عالمی اور علاقائی فورمز پر اس مسئلے کی سنگینی کے پیش نظر موثر اقدامات کی بھرپور حمایت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا مسئلہ کشمیر پر امت مسلمہ کے فوری اور متفقہ اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
ملاقات میں نوری المالکی نے علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے موقف اور کوششوں کو سراہا۔ سابق عراقی وزیر اعظم نوری المالکی نے کہا میں عراقی حکومت کو تاکید کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری لائے۔ ملاقات میں دونوں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے حزب الدعوۃ عراق اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔