وحدت نیوز (تہران) پاکستان شعبہ امور خارجہ کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے تہران میں منعقدہ سالانہ بین الاقوامی وحدتِ اسلامی کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ مجمع جہانی تقریب بین المذاہب کے زیر اہتمام ہفتہ وحدت کی مناسبت سے بین الاقومی کانفرنس امسال وحدتِ اسلامی در دفاع از فلسطین کے زیر عنوان منعقد ہو رہی ہے۔
کانفرنس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے مختلف مذاہب اسلامی کے 300 سے زیادہ مفتیانِ کرام، علمائے عظام اور دانشوروں سمیت تقریبا 500 اسکالرز اور علماء شریک ہیں۔ ایران کی اعلیٰ سیاسی و مذہبی قیادت سمیت متعدد بین الاقوامی شخصیات نے کانفرنس سے خصوصی خطابات کیے اور اپنے خطابات میں امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و وحدت کی ضرورت، اہمیت اور طریقہ ہائے کار پر اپنی تجاویز پیش کی ہیں۔
وحدت اسلامی کانفرنس کے شرکاء نے فلسطینی مزاحمت کی مکمل حمایت کے اعلان کا بھی اعادہ کیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کانفرنس کے مختلف سیشنز میں خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔
وحدتِ اسلامی کانفرنس کے حاشیے میں ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے مختلف بین الاقوامی شخصیات سے خصوصی ملاقاتیں اور نشستیں بھی کیں جن میں دوطرفہ تجربات سے استفادے اور دنیائے اسلام میں فعال مذہبی و سیاسی گروہوں کے درمیان باہمی تعلقات میں مزید تقویت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے آج صبح مجمع بیداری اسلامی کی سپریم کونسل کے اجلاس میں نیز خصوصی شرکت کی۔ وحدتِ اسلامی کانفرنس کا اختتامی اجلاس آج 16 نومبر کی شام کو منعقد ہوگا۔