وحدت نیوز(اصفہان)مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کے زیراہتمام شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کی پینتیسویں برسی بعنوان افکار شہید حسینی منعقد کی گئی۔ نظامت کے فرائض حافظ ملک وسیم سجاد نے انجام دیئے جبکہ سید مقبول حسین نے تلاوت کلام مجید کی اور حافظ سلیم شیخ نے ترانہ "شہید قائد سلام تجھ پر" پیش کیا۔ اس موقع پر شہید قائد کے افکار و نظریات کو اجاگر کرنے کے لئے ذوالفقار علی سمیت مختلف تنظیمی برادران نے گفتگو کی۔ اس موقع پر سربراہ مجلس علماء شیعہ پاکستان و سیکرٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی نے اپنے خطاب میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد کی زندگی کا مطالعہ انسان میں انقلاب برپا کر دیتا ہے۔ شہید قائد نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ایک شناخت اور مقام رکھتے تھے اور آپ کی شہادت سے پورا عالمِ اسلام متاثر ہوا ہے۔
پاکستان کے معروضی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک شرپسند اقلیتی گروہ، جو قیامِ پاکستان کے ہی خلاف تھا، وہ آج پاکستان کا مالک بن چکا ہے۔ قائد شہید علامہ عاف حسینی ؒ نے بھی اس گروہ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا اور آج ہم سب قائد شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے متحد ہیں اور ساری ملت تشیع متحد ہے، ہم دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم ملت تشیع کے تمام علماء و زعماء سب ایک ساتھ ہیں، اس بے بنیاد بل کو یکسر مسترد کرتے ہیں اور 16 اگست کو اسلام آباد میں منعقدہ علماء و ذاکرین کانفرنس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے اس کانفرنس میں تمام علماء سے بھرپور شرکت کی اپیل کی۔