وحدت نیوز (قم) ایرانی دارالحکومت تہران میں قائم پاکستانی سفارت خانے نے مقدس شہر قم میں قائم مجلس وحدت مسلمین کے دفتر سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے قم ،مشہد اور تہران میں موجود پاکستانی زائرین کی فوری وطن واپسی اور انہیں سہولیات کی فراہمی کیلئے باہمی روابط کو مزید بہتربنانے کا عزم کیا ہے ۔
ایم ڈبلیوایم قم سیکریٹریٹ کے مطابق اس وقت قم میں 116 رجسٹرڈ پاکستانی زائرین موجود ہیں جن کی معلومات پاکستانی سفارت خانے کو فراہم کردی گئی ہیں، پاکستانی حکام نے ایم ڈبلیوایم کے دفتر کو یقین دہانی کروائی ہے کہ ان زائرین کی بارڈر تک منتقلی کے لیے جنتی بسوں کی ضرورت ہوگی فراہم کی جائیں گی جبکہ ان کیلئے طعام کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق تین روز قبل مشہد مقدس سے بسوں پر مشتمل 100زائرین کا قافلہ تفتان بارڈر روانہ کیا گیا تھا جوکہ وطن واپس پہنچ چکا ہے،جس کے لئے تمام تر انتظامات مشہد مقدس میں قائم پاکستانی قونصلیٹ نے انجام دیئے جبکہ زائرین کو راستے میں کھانا پانی بھی حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کیا گیا۔ اس وقت مشہد مقدس میں 90کے قریب رجسٹرڈ زائرین موجود ہیں جنہیں جلد وطن روانہ کردیا جائے گا۔