وحدت نیوز (مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان نے منیٰ واقعہ میں حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر غلام محمد فخر الدین کی شھادت پرگہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ حجۃ الاسلام والمسلمین شھید فخرالدین واقعا اسلام کا فخر تھے اورپاکستانی علماء میں ایک منفرد حیثیت کی شخصیت تھے ،کہ جن کی شھادت سے ایک ایسا خلا واقع ہوا ہے جس کے پر ہونے میں مدتیں لگیں گی۔
حجۃ الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان نے کہا کہ علامہ ڈاکٹر غلام محمد فخرالدین اپنے نام کی طرح ملت تشیع پاکستان کا فخر اور اپنی مثال آپ تھے جو علم و عمل میں اھل البیت علیہم السلام کے حقیقی پیروکار تو اخلاق و کردار اور گفتار میں شھید قائد علامہ عارف حسین الحسینی(رح) کی یادگار تھے۔
سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس نے کہا شھید علامہ فخر الدین علم و عمل میں زھد و تقوی میں بے مثال تھے وہ مبلغ ولایت و نظریہ ولایت فقیہ تھے اور ہمیشہ نشر و تبلیغ علوم آل محمد علیہم السلام میں کوشاں تھے ۔
حجۃ الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان نے کہا علامہ ڈاکٹر شھید فخر الدین کی شھادت کے موقع پر ہم امام زمان عجل اللہ فرجہ الشریف ،مقام معظم رہبری مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل ،ناصرملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور شھید کے خانوادہ محترم کی خدمت میں تسلیت وتعزیت پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ خدایا شھید کو جوار آئمہ میں بلند ترین مقام عنایت فرما اور شھید کے خانوادہ کو صبر جمیل عنایت فرما (آمین یا رب العالمین)