وحدت نیوز(قم) پاکستان میں کئی سالوں سے جاری شیعہ مسلمانوں پر ظلم و ستم کے خلاف علامہ راجہ ناصر جعفری کے ذریعے کی جا رہی بھوک ہڑتال کے حوالے سے اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی اعلی کونسل کے رکن «آیت الله قربانعلی درّی نجف آبادی» نے ایک بیانیہ جاری کیا ہے جس کا مکمل ترجمہ حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
قال الله العظیم: وَمَن قُتِلَ مَظْلُومًا فَقَدْ جَعَلْنَا لِوَلِيِّهِ سُلْطَانًا فَلَا يُسْرِف فِّي الْقَتْلِ إِنَّهُ كَانَ مَنصُورًا (سوره اسراء ــ آیه 33)
پاکستان کے غیرتمند اور شریف مسلمانو!
پڑوسی اور ساتھی ملک کے حکمرانو!
عزیز پاکستان کی بنیاد عدالت، انسانی کرامت، عزت اور سربلندی کے سائے میں اس ملک میں رہنے والے تمام مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ پر رکھی گئی تھی۔ اس بنیاد پر امید کی جاتی ہے کہ اقبال لاہوری اور محمد علی جناح کے پاکستان پر عقل و منطق حکفرما ہونا چاہیے۔ اور تمام اسلامی فرقے مکمل اخوت اور بھائی چارے کے ساتھ آپس میں زندگی گزاریں۔ جیسا کہ دنیا کے مسلمان اور آزادی طلب انسان یہ عقیدہ رکھتے ہیں کہ پاکستان کو کسی بھی صورت میں دھشتگردی اور قبائیلی اور مذہبی خانہ جنگی کا کھلاڑا نہیں بننا چاہیے، اور ظالموں، جابروں اور دھشتگردی کے حامیوں کو اس ملک میں تفرقہ بازی اور شیطنت پھیلانے کی اجازت نہیں دینا چاہیے۔
افسوس کے ساتھ وہابیت کا خبیث ٹولہ دسیوں سال سے شیطانی سیرت پر چلتے ہوئے مسلمانوں کے درمیان نفرت اور تفرقہ کی آگ بھڑکا رہا ہے اور ہزاروں بے گناہ انسانوں اور اہل بیت(ع) کے پیروکاروں کا خون بہا رہا ہے اگر چہ پاکستان کے غیرتمند جوان اور اہل بیت(ع) کے مظلوم خدمتکار، پاراچنار، گلگت، بلتستان، کویٹہ، کراچی اور اس ملک کے دیگر شہروں میں شہادتوں کے جام پی رہے ہیں لیکن حقیقت میں انہیں صرف خاندان رسول خدا(ص) سے محبت اور سید الشہدا(ع) کی عزاداری کے جرم میں قتل کیا جا رہا ہے۔
ان گذشتہ سالوں میں، پاکستان کے بزرگ، برجستہ اور قابل قدر علماء اور حکمرانوں نیز عالم اسلام کے علماء اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو چاہیے تھا کہ اس سر زمین میں جاری دھشتگردی اور شیعہ نسل کشی کو رکوائیں لیکن افسوس کے ساتھ کسی نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی!
پاکستان کے شیعہ بھی حق رکھتے ہیں کہ دنیا کے تمام دیگر انسانوں کی طرح اپنے قومی حقوق یا کم سے کم اپنے شہری حقوق حاصل کر کے امن و چین کی زندگی جئیں اگر کوئی ان پر تجاوز کرے تو تجاوز کرنے والے کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے اور مجرمین کو انکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
لیکن پورے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حالیہ سالوں میں اہل بیت(ع) کے پیروکاروں کے نہ صرف قومی اور شہری حقوق پامال کئے جا رہے ہیں بلکہ ان کا کھلے عام قتل عام کر کے انہیں کمزور بنایا جا رہا ہے! یہ طریقہ کار انہیں انکے ناجائز مقاصد میں کامیاب نہیں بنائے گا اور نہ ہی ان کے عاملین کو سر بلند کرے گا۔ اس لیے کہ اگر یہ غیر اسلامی طریقہ کار کسی کو کوئی سربلندی عطا کرتا تو دنیا میں سب سے زیادہ سربلند اور کامیاب صدام ہوتا۔
پاکستان کی مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور عزیز بھائی علامہ شیخ راجہ ناصر عباس جعفری اور دیگر مظلوم شیعہ مسلمان، اس ملک کے کئی شہروں میں بیس دن سے بھوک ہڑتال کے ذریعے اپنی مظلومیت بھری آواز میں اپنے حقوق کی بازیابی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور عدل و انصاف کے خواہاں ہیں۔ پیغمبر اکرم کا فرمان ہے: مَنْ سَمِعَ رَجُلاً یُنادِی یا لَلْمُسْلِمِینَ فَلَمْ یُجِبْهُ فَلَیْسَ بِمُسْلِم۔ لہذا امید کی جاتی ہے کہ پاکستان کے شریف مسلمان اور سرکاری اور حکومتی عہدہ دار اس سلسلے میں احساس مسئولیت کریں اور اجازت نہ دیں اس ملک کی ایک کثیر تعداد صرف فرزند رسول اور جگر گوشہ بتول سے محبت اور الفت کی وجہ سے ظلم و ستم کا نشانہ بنیں اور ان کے حقوق پامال کئے جائیں۔
پاکستانی حکومت اور فوج یہ جان لیں کہ ہر ملک کی سربلندی اور کامیابی مظلوموں کی حمایت اور ظالموں سے نفرت میں مضمر ہے۔ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو چاہیے کہ اپنی ملتوں کے ساتھ پدرانہ شفقت کے ساتھ پیش آئیں اس لیے کہ وہ صرف ایک ریوڑ کے محافظ کی حیثیت رکھتے ہیں۔
ہمارے پڑوسی اور دوست ملک کے حکمرانوں کو چاہیے کہ سید الشہدا(ع) کی عزاداری اور اہل بیت(ع) کے لاکھوں چاہنے والوں کے دیگر پروگراموں کی نسبت بھی احساس مسئولیت کریں۔ اور اس بات کی اجازت نہ دیں کہ تشدد پسند ٹولے ناحق طریقے سے شیعوں کا خون بہائیں۔
آیت الله قربانعلی درّی نجف آبادی
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی اعلی کونسل کے نائب سربراہ