وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین کی رہنماء و رکن جی بی اسمبلی بی بی سلیمہ نے کہا ہے کہ حکومتی رویے کے خلاف اخبار مالکانان کے احتجاج کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے اخبار مالکان کے مطالبات جائز اور مبنی بر حق ہیںسالہا سال سے ان کے بقایا ادا نہ کرنا سنگین زیادتی ہے۔ انہوں نے حکومتی رویے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر اخبار مالکان کے بقایا جات ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں کہا کہ اخبارات کے واجبات کو روک کر حکومت اپنی حمایت لینا چاہتی ہے، جو کہ ان کی آمرانہ سوچ کی عکاس ہے۔ پرنٹ میڈیا سے وابستہ قلمکار حضرات اپنا حق ادا کر رہے ہیں، جو کسی حکومتی جبر کے آگے ہرگز نہیں جھکیں گے۔ صحافتی برادری اپنے حقوق کے حصول کیلئے جو بھی قدم اٹھائیں گے مجلس وحدت مسلمین بھرپور حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جو پیسہ اشتہارات پر خرچ کرتی ہے اگر اس کا نصف بھی عوام پر خرچ کرتی تو گلگت شہر کی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل نہ ہوتی۔ عوام ترقی چاہتے ہیں اور یہ ترقی محض ادھار پر اشتہارات اور جھوٹی خبریں چلانے سے کوئی قوم ترقی نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ اخبار مالکان سے حکومت کا رویہ افسوسناک ہے، حکومت اصول پسند ہوتی تو آج یہ نوبت نہ آتی۔ بقایا جات کی عدم ادائیگی اور اخبارات کی بندش نے حکومت کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔