وحدت نیوز (گلگت) حکمران اقتدار کے نشے میں اخلاقیات سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں،ملک میں انتشارکی سب سے بڑی وجہ انصاف کا فقدان ہے۔عدل وانصاف پر مبنی معاشرے کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے،خواتین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عملی پیروی کرکے معاشرے کی اصلاح میں اپنا کردار ادا کریں۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی کوارڈینیٹر خواہر سائرہ ابراہیم نے غلمت اور مناپن میں خواتین اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پستی میں گھرے ہوئے معاشرے کی اصلاح کی ذمہ داری صرف مرد حضرات پر ہی عائد نہیں ہوتی بلکہ انقلابی معاشروں میں خواتین کا کردار بہت ہی اہم ہوتا ہے جس کیلئے ہمیں اپنے آپ کو تیار کرنا ہوگا۔آج ملک عزیز میں تمام طبقات حکومت کی ناانصافیوں سے نالاں ہیں ،عوام کے حقوق غصب کئے جارہے ہیں،کرپشن ،اقربا پروری ،لوٹ کھسوٹ اور جبر و زیادتی کے مارے عوام حکمرانوں کو بددعائیں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نواز شریف کا اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا ہے لیکن بجائے استعفی دیکر اپنے آپ کو اقتدار سے علیٰحدہ کرنے کی بجائے نااہل حکمران اقتدار کی کرسی سے چمٹے ہوئے ہیں۔ایسے حکمران جو سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ میں بدلنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے ان سے کیا توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ ہمارے ساتھ انصاف کریں۔آج گلگت بلتستان میں سینکڑوں سالوں سے ان علاقوں کا دفاع کرنے والوں کو اپنی زمینوں سے بیدخل کیا جارہا ہے،اس خطے اور پاکستان کے سرحدات کا دفاع کرنے والوںکی اولادوں کے حصے میں شیڈول فور اور قید و بند حصے میں ملا ہے۔ترقی او رخوشحالی کے نام پر معاشرے کو انتشار کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ راحیل شریف کو سعودی فوجی الائنس کا سربراہ بننے کی اجازت دیکر حکومت نے بہت بڑی غلطی ہے۔سعودی اتحاد اصل میں امریکہ اسرائیل اتحاد ہے جو صر ف اور صرف سعودی شہنشاہوں کے اقتدار کو طول دینے اور اسلامی ممالک میں اتحاد و وحدت کو پارہ پارہ کرنے کیلئے بنایا گیا ہے۔پڑوسی ملک افغانستان میں مداخلت کے بھیانک نتائج سے نجات حاصل نہیں ہوئی ہے اور اب سعودی اتحاد میں شامل ہوکر حکومت نے ایک اور بڑی غلطی کی ہے۔انہوں نے خطاب کے آخر میں خواتین کے بنیادی حقوق اور معاشرے میں ان کے مقام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں بلکہ اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کا وقت ہے اور ہم جتنی دیر سے ظلم کے خلاف قیام کرینگے اسی حساب سے زیادہ قربانی دینی پڑی گی۔