وحدت نیوز(اسلام آباد) البصیرہ شعبہ خواتین کے زیر اہتمام اسلام آباد میں یوم آزادی پاکستان و یوم القدس سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شیعہ سنی ، مذہبی و سیاسی خواتین نمائندگان نے شرکت کی۔ اس سیمینار سے دختر جناب سید ثاقب نقوی اور مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع اٹک کی سیکرٹری اطلاعات محترمہ زینب نقوی نے بھی شرکاء سے خطاب کیا قرآن کی آیت حق آگیا اور باطل مٹ گیا اور بیشک باطل مٹنے کے لیے ہے کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ خداوند کا وعدہ ہے کہ وہ مستضعفین کو غلبہ عطا کرے گا ۔یوم القدس در حقیقت باطل کی نابودی و رسوائی کا اعلان ہے۔ رہبر انقلاب سید علی خامنہ ای کا فرمان بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ القدس کے دن مردہ باد امریکہ و اسرائیل سے فضا گونجنی چاہیے۔ امت مسلمہ کو اتحاد و یگانگت کی مثال قائم کرتے ہوئے باطل صیہونی طاقتوں کو شکست دینا ہوگی ۔مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق اور قبلہ اول کے تحفظ و تقدس کے لیے تمام عالم اسلام کو ملکر آواز اٹھانی چاہیے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری مالیات محترمہ قراة العین اور مرکزی آفس سیکرٹری محترمہ روبینہ شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔