وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے بیدیاں روڈ یونٹ میں سہ روزہ تربیتی سمر کیمپ کا انعقاد ۔ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاھور کی جانب سے ضلع کے مختلف یونٹس میں سہ روزہ تربیتی کیمپ کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے ۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کے زیر اہتمام موسم گرما کی تعطیلات کو بچوں کے لیے مفید و با مقصد بنانے ، قرآن و سنت کی تعلیمات اور دین کی بنیادی معلومات حاصل کرنے کے لیے بیدیاں روڈ یونٹ میں تین روزہ دینی سمر کلاسز کا اہتمام کیا گیا۔اسلامی تعلیمات،حفظ قرآنی آیات واحادیث،معرفت امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف اور دیگر موضوعات پر دروس کا انعقاد کیا گیا۔
ضلعی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی،ڈپٹی سیکریٹری جنرل محترمہ عظمیٰ نقوی،سیکرٹری شعبہ تربیت محترمہ نجبہ اور سیکریٹری شعبہ تعلیم محترمہ فرحانہ نے درس و تدریس کے فرائض سر انجام دئیے۔سو سے زائد بچوں نے سمر کلاسز میں شرکت کی۔
محترمہ حنا تقوی نےسمر کیمپ کی افادیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد بچوں کی دینی تربیت اور اذھان کو قرآنی و دینی تعلیمات سے منور کرنا ہے جو کہ ساری عمر پھر بچے کے ذہن میں نقش رہتی ہیں اور اثر رکھتی ہیں ۔
بی بی معصومہ قم سلام اللہ علیہا کی ولادت کی مناسبت سے محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں محترمہ عظمیٰ نقوی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور نے خصوصی شرکت کی۔محفل میلاد کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔محترمہ حنا تقوی اور محترمہ عظمیٰ نقوی نے اراکین بیدیاں روڈ یونٹ لاھور کو بہترین انتظامات کرنے اور عمدہ کاوشوں پر سراہا۔