وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ایوان اقبال لاہور میں وحدت کانفرنس کا فقید المثال انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئےایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرہ نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پروردگار نے ہمیں رحمت العالمین کا امتی بنایا، آج سب کا یہاں جمع ہونے کا مقصد یہ ہے کہ ہم جسد واحد ہیں۔
انہوںنے کہاکہ ہمیں اپنے مشترک دشمن کو پہچانتے ہوئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہے، اگر آج ہم ایوانوں میں ہیں تو ہم اپنے ملک کو اس سطح پر لانا چاہتے ہیں جہاں پروردگار چاہتا ہے، وہ ملک جس کی بنیاد اسلام کے نام پر رکھی گئی تھی، صرف نعرہ ہی نہیں واقعی ریاست مدینہ کی طرح ہو۔
امت مسلمہ کےدرمیان اتحاد اور بھائی چارہ قائم کرکے ہی ہم دشمن دین و دشمن ملک و قوم سے نبرد آزما ہو سکتے ہیں ۔ خدا ہمیں توفیق عنایت کرے کہ رسالتمآب صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہم امت واحدہ کی صورت میں مضبوط طاقت بن کر ابھریں اور اپنا حقیقی مقامِ عزت و سربلندی حاصل کریں آخر میں انھوں نے وحدت کانفرنس کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی کاوشوں کو سراہا ۔