وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ سیدہ نرگس سجاد جعفری نے کہا کہ قاسم سلیمانی شھید کی شھادت کے بعد بڑھتے ہوئے عوامی ردعمل سے خوفزدہ عناصر سوشل میڈیا پیجز بلاک کر رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ شھید قاسم سلیمانی کے بے رحمانہ قتل کے خلاف آواز اٹھانے والی ملی تنظیموں اور شخصیات کے آفیشل پیجز اور اکاؤنٹس بڑی تعداد میں بند کرنے کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ ایسے اقدامات آزادی اظہار رائے کی کھلی خلاف ورزی اور عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیرنے کے مترادف ہے ۔
محترمہ سیدہ نرگس سجاد جعفری نے کہا کہ شھید قاسم سلیمانی کی شھادت کے 24 گھنٹے کے اندر IAMQASIMSULMANI#ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیاتھا جس نے امریکہ اور اس کے حواریوں کو ہلا کہ رکھ دیا رائے عامہ تیزی سے ان کے خلاف ہورہی تھی جس کے بعد انتقامی کارروائی کرتے ہوئے ملت جعفریہ کی اہم شخصیات اور ملی تنظیموں کے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر اکاؤنٹس کو بند کرنا شروع کر دیا گیا جو کہ شرمناک فعل ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد تمام اکاؤنٹس بحال کیے جائیں۔