وحدت نیوز(لاہور) لاھور موٹروے پر خاتون کی عصمت دری کے بدترین واقعہ کے ملزمان کی فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاھور نے پریس کلب لاھور کے سامنے شدید احتجاج کیا اس احتجاج میں ایم ڈبلیو ایم کی درجنوں کارکنان کے علاوہ دیگر خواتین کی بھی کثیر تعداد شریک تھی ۔
اس موقع پر ایم ڈبلیوایم وومن ونگ کی مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زھرا نقوی نے خطاب کرتے ہوۓ شدید غم و غصے کا اظہار کیا ان کا کہنا تھا کہ آے روز ملک میں اس قسم کے شرمناک واقعات رونما ہو رہے ہیں جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ حیوانوں سے بھی بدتر ان مجرموں کو سزا نہیں دی جاتی اگر ملک میں عدل و انصاف کے تقاضے پورے کیے جاتے تو آج ہماری خواتین اور بچے اس درندگی کا شکار نہ ہوتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا معاشرہ تیزی سے بے راہ روی کا شکار ہو رہا ہے جس کی ایک بڑی وجہ تربیت کا فقدان ھے انھوں نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوۓ کہا کہ وہ اس واقعے کا از خود نوٹس لیں اور مجرموں کو جلد از جلد قرار واقعی سزا دی جاۓ۔
محترمہ سیدہ زھرا نقوی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس واقعے کا نوٹس لیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ُمجرموں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایاجاے گا ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاھور کی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے اپنے خطاب میں کہا ایسے مجرم معاشرے کا ناسور ہیں قانونی اداروں کو جلد از جلد ان درندہ صفت مجرموں کو آڑے ہاتھوں لینا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اس گھناونے فعل کے مرتکب افراد کو ایسی عبرتناک سزا دی جاے جو دیکھنے والوں کے لیے باعث عبرت ہو اور معاشرہ اصلاح کی طرف گامزن ہو۔