وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے ایک مستحق گھرانے سے تعلق رکھنے والی یتیم بچی کی شادی کے سلسلے میں مکمل جہیز اور طعام کی مد میں اخراجات اٹھائے گئے بچی کی والدہ شادی کے اخراجات اور جہیز کےحوالے سے کافی عرصہ سے فکر مند تھیں جسکی بنا پر انھوں نے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور کی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی سے رابطہ کیا اور وعدے کے مطابق مخیر حضرات کے مالی تعاون اور ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے کی گئی امداد کی بدولت ایک یتیم بچی کی والدہ اپنے شرعی فریضے سے سبکدوش ہوئیں۔
اس کار خیر میں محترمہ عظمی نقوی نے بہترین کاوش کی اور اپنی خصوصی خدمات انجام دیں اور جہیز کا تمام سامان خرید کر مستحقین کے گھر تک پہنچایا اور شایان شان طریقے سے بچی کو نیک دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔ اس موقع پر بیوہ خاتون نے اس کار خیر کی انجام دہی میں تعاون پر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور کا شکریہ ادا کیا اور نیک توفیقات میں اضافے کی دعا کی۔