وحدت نیوز(لاہور)چھ ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ چھ ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ اس دن دشمن نے پاکستانی قوم اور اس کی مسلح افواج کی طاقت و بہادری اور یقینِ کامل کو آزمانے کی غلطی کی تاریخ گواہ ہے کہ ہماری افواج نے جذبہ شہادت سے لبریز ہوتے ہوئے قوم کی دعاؤں اور بے مثال حمایت سے اپنے سے کئی گنا زیادہ مسلح اور طاقتور دشمن کو ایسی منہ توڑ شکست اور ذلت سے دوچار کیا کہ اسکا احساس برتری اور غرور خاک میں مل کر رہ گیا ۔
ان کا کہنا تھا یوم دفاع کے موقع پر ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں وطن عزیز کے عظیم شہیدوں کو کہ جنہوں نے اپنے پاک لہو سے اس مٹی کی بنیادوں کو سینچا اور اسے ناقابل تسخیر بنایا ۔انہوں نے کہا 1965 کی جنگ میں قوم اور مسلح افواج نے ثابت کیا کہ حجم اہمیت نہیں رکھتا۔ جذبہ، ولولہ اور جرأت و بہادری ہوتی ہے جو سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی کی ذات پر غیر متزلزل ایمان اور اپنے اسلاف کی تابندہ روایات سے اپنے جذبوں کو تقویت دے کرہمیں یہ عز م کرنا ہے کہ ہم پاکستان کوایک خوشحال اوراسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے انتھک محنت کریں گے۔