وحدت نیوز(گلگت) عصرِ حاضر میں دشمنِ وقت کو شکست دینے کے لیے سوشل میڈیا بہترین ہتھیار ہے ۔کس وقت کس طرح سافٹ وار میں شامل ہوکر وقت کے یزید کو شکست دی جاسکتی ہے اس کے لیے بہترین انداز سے آ گاہی حاصل کریں اور بہترین انداز سے کام کریں ۔ان خیالات کا اظہار امام جمعہ والجماعت گلگت آغا راحت حسین الحسینی نے یومِ زینبؑ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس کا انعقاد مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین یوتھ گلگت کی جانب سے پہلی مرتبہ کیا گیا تھا۔
آغا راحت حسینی نے کہا کہ میری بہنیں اور بیٹیاں اپنے حجاب کی حفاظت کریں اور اس پر عمل یقینی بنائیں بے شک دشمن آپکی ان سیاہ چادروں سے بہت خوفزدہ ہے۔اس کے بعد پروگرام سے محترمہ نور جہاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دشمنِ وقت ہماری نئی نسل کو تباہی کرنے کے لیے الیکٹرانک میڈیا کا استعمال کررہا ہے یہ ہم پہ ہے کہ ہم کس طرح انکی اسی چال کوان پر پلٹ دیں اس کے لیے ہمیں اپنے بچوں کے کردار سازی اور دشمن شناسی پر کام کرنا پڑے گا۔
اس موقع پر محترمہ سائرہ ابراھیم مرکزی سیکریٹری یوتھ ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین موجود تھی انہوں نے مہمانوں گرامی اور حاضرین محفل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان شاءاللہ اس طرح کے پروگرام کا انعقاد کرتے رہیں گے تاکہ اپنی نئی نسل کو دشمن وقت کی چالوں سے آگاہی دے سکیں۔