وحدت نیوز(لاہور) شہداے کربلا و نواسہ رسول (ص) امام حسین (ع) کے چہلم کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ امام حسین علیہ سلام نے ریگزار کربلا میں یزیدی عزائم کو بے نقاب کرکے اسلام کو درپیش خطرات سے امت کو آگاہ کیا اور اپنی عظیم قربانی پیش کی جو کہ دین اسلام کی بقا کا باعث بنی آج بھی دنیا کے مختلف کونوں سے یزیدیت مختلف صورتوں میں سر اٹھا رہی ہے ہمیں حسینی بن کر ان یزیدی صیہونی اور استعماری سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کا ہر کلمہ گو حسینی ہے اس لئے اس کی ذمہ داری ہے کہ یزیدیت کے خلاف ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کرے اور سیرت امام حسین علیہ سلام کو اپنے کردار پر نافذ کرتے ہوئے پیغام حسینیت دنیا کے کونے کونے میں پہنچائے ان کا کہنا تھا اربعین حسینی فقط سرزمین عراق تک محدود نہیں رہا بلکہ ایک عالمی نہضت و تحریک کی صورت اختیار کر گیا ہے اور پوری دنیا کے حسینی اربعین کے موقع پر ایک لشکر کی شکل میں گھروں سے باہر نکلتے ہیں اور یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہم منتظر و آمادہ ہیں اس الہی رہبر و منجی عالم بشریت کے لیے جو اس پوری دنیا میں ظلم و جور کا خاتمہ کریں گے اور نظام عدل قائم کریں گے ۔