وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے بھارت میں خاتون کے پردے پر دلیرانہ اقدام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پردہ تحفظ اور پاکیزگی کی علامت ہے پردہ صرف عورتوں کی ہی ضرورت نہیں بالکہ معاشرے کو بھی پاکیزہ بناتا ہے پردہ ایک مسلمان عورت کے لئے ایمان کے بعد خوب صورت ترین تحفہ ہے جو معاشرے سے بے حیائی کی جڑ کاٹ کر اس کی نسلوں کو پاکیزہ ماحول مہیا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شعائر اسلام کو انتہا پسندی، قدامت پرستی اور دہشت گردی سے جوڑنا تعصب کا منہ بولتا ثبوت ہے خود کو انسانی حقوق کا چیمپئین گرداننے والے انتہا پسند عورت کو گز بھر کا کپڑا سر پر رکھنے کی اجازت دینے کو تیار نہیں ۔ دنیا کی کوئی طاقت عورت سے پردے کا حق چھین نہیں سکتی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا انتہا پسند ہندو نہ صرف مسلمانوں بالکہ دیگر اقلیتوں کے بنیادی حقوق غصب کرنے کے لئے ہر حد کو عبور کر رہا ہے اور بھارت بھی دنیا بھر کی استحصالی قوتوں کی تقلید میں اسلامی شعائر کو پسپا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔
انہوں نے بھارت اور مغرب کے منافقانہ طرز عمل کے لئے ہر سطح پر آواز اٹھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم حجاب کی بنیاد پر عورتوں سے امتیازی سلوک یا تعصب کا نشانہ بنانے پر نوٹس لے اور بھارت پر دباءو بڑھائے تاکہ خطے میں امن و امان کی صورت حال مزید خراب نہ ہو ۔