وحدت نیوز (اسلام آباد) امامیہ آرگنائزیشن پاکستان شعبہ خواتین کے زیر اہتمام امامیہ سنٹر میںنور ولایت سمینار منعقد ہوا مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی نمائندگی کرتے ہوئے محترمہ نرگس سجاد جعفری مرکزی سیکریٹری سیاسیات ، محترمہ بینا شاہ مرکزی مسئول آفس اور محترمہ صدیقہ کائنات ضلعی سیکریٹری ضلع اسلام آباد نے شرکت کی ۔
محترمہ نرگس سجاد جعفری نے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے عدل امام علی علیہ السلام پر روشنی ڈالتے ہوئے سمینار میں موجود خواتین کی توجہ ایک واقعہ کی جانب مبذول کرائی جو کوفہ امام علی علیہ السلام میں پیش آیا کہ’’ جارج جرداق اس واقعے کا کو یوں ذکر کرتا ہے، جب امام علی (ع) نے ایک بوڑھے یہودی کو کوفے میں بھیک مانگتے ہوئے دیکھا تھا۔ امام نے سوال کیا کہ یہ میری حکومت میں بھیک کیوں مانگ رہا ہے۔ اس نے کہا یاعلی! کل تک مجھ میں قوت تھی، میں کام کرتا تھا، لیکن اب مجھ میں قوت نہیں رہی۔ امام نے فرمایا اسکی تمام ضرورتوں کو بیت المال کے ذریعہ پورا کیا جائے اور اسے ماہانہ وظیفہ دیا جائے۔ کسی نے کہا یاعلی! یہ یہودی ہے۔ آپ نے فرمایا یہ ایک انسان ہے، جب تک اسکے جسم میں قوت تھی، اس نے معاشرے کی خدمت کی ہے۔ اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اسکی ضرورتوں کو پورا کرے۔ یہ علی بن ابی طالب (ع) ہیں، جنہوں نے انسانی بنیادوں پر تقسیم اموال کیا ہے۔ یہ عدالت انسانی کی آواز ہے اور عدالت کی حدود عالمی حدود ہیں۔ اس پر غور و فکر ہونا چاہیئے، اس پر گفتگو اور کام ہونا چاہیئے‘‘
محترمہ نرگس سجاد نے خواتین کے مقام ومنزلت کو بیان کرتے ہوے کہا کہ آج جو لوگ آزادی نسواں کا نعرہ لگا کر عورت کی آبرو کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں ۔ 8 مارچ آزادی نسواں کی بجائےیوم حجاب کی تجویز کا خیر مقد م کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کسی ملک یا قوم کی ترقی اور فلاح و بہبود ميں برابر کردار ادا کر سکتی ہيں ۔کسی بھی ملک کی تعمير و ترقی ميں عورتوں کا مردوں کے برابر حصہ ہوتا ہے ، مردوں کے ساتھ عورتيں بھی سماجی اور اقتصادی ميدان ميں مردوں کے شانہ بہ شانہ کام کرکے آگے بڑھ سکتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر معاشرے میں عورت علم و معرفت اور روحانی و اخلاقی کمالات پرفائز ہو جائے جو اللہ تعالی اور ادیان الہی نے تمام انسانوں، بشمول مرد و زن، کے لئے یکساں طور پر معین کئے ہیں تو بچوں کی بہتر تربیت ممکن ہو سکے گی، گھر کی فضا زیادہ پاکیزہ اور محبت آمیز ہو جائے گی، معاشرہ زیادہ ترقی کر سکے گا۔