وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات محترمہ سیدہ نرگس سجاد کا یوم القدس کی مناسبت سے پیغام میں کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین امت مسلمہ کے اساسی اور بنیادی مسائل میں سے ایک ہے جس نے کئی عشروں سے امت مسلمہ کو بے چین کررکھا ہے - ارض فلسطین جسے انبیاکی سرزمین کہا جاتا ہے اور بیت المقدس جو مسلمانوں کا قبلہ اوّل ہے اس وقت سے غاصب صہیونی ریاست کے قبضے میں ہے رہبر کبیر بت شکن زمان سید روح اللہ موسوی الخمینی کی بصیرت کو لاکھوں سلام کے جنہوں نے ماہ مبارکہ رمضان کے الوداعی جمعے کو عالمی یوم القدس سے منسوب کیا جسکی بدولت آج پوری دنیا صیہونیوں کے بچھائے ہوے سازشی جال سے بخوبی واقف ہے۔
انہوں نے کہا یوم القدس پوری دنیا میں بھرپور انداز میں منایا جاتا ھے دنیا بھر میں لاکھوں افراد نہ صرف فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور بیت المقدس سے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہیں بلکہ دنیا میں جہاں کہیں بھی عالمی استعماری طاقتیں اپنی طاقت کے بل بوتے پر ظلم ڈھا رہی ہیں خواہ فلسطین و لبنان و شام پر صہیونی قبضے کی شکل میں ہو یا کشمیر اور برما میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کی صورت میں ظلم یمن کے نہتے عرب مسلمانوں پر بمباری و دہشت گردی کرکے کیا جائے یا لیبیا اور شام میں مسلمانوں کو خانہ جنگی میں مبتلا کرکے کیا جائے یوم القدس ان سارے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کا دن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن ا ہمت کا دن ہے اور مستضعفین و مظلومین کی فتح کی نوید کا دن ہے لھذا یوم القدس پر بلا تفریق مسلک و مکتب تمام امت مسلمہ گھروں سے باہر نکلے اور قبلہ اول کی آزادی ، فلسطینیوں کی بقا اور صیہونیوں کی سازشوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار پیش کریں۔