وحدت نیوز(لاہور) شاعر مشرق علامہ اقبال کے اشعار کے تناظر میں فلسطینی قوم حریت پسند اور مجاہدانہ فکر و عمل کی حامل قوم ھے فلسطینی عوام ایک طویل عرصہ سے غاصب صیہونی طاقتوں کے مقابلے میں اپنی سرزمین کا دفاع کر رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے فلسطین فاونڈیشن پاکستان لاہور چیپٹر کے زیر اہتمام منعقدہ القدس مرکز و محور کانفرنس سے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے فلسطینی بہن بھائی یقین کی منزل پر فائز ہیں جن کی فکر آزاد ہے جو ہمیشہ سے سرزمین مقدس کی خاطر جدوجہد کرتے دکھائی دیتے ہیں جنہوں نے باطل کے سامنے کبھی گھٹنے نہیں ٹیکے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود بے شمار مسائل کا شکار ہے جن میں ایک مسئلہ ملکی خودمختاری کا بھی شامل ہے جب ہم اپنے مسائل میں گھرے رہیں گے تو فلسطین یا کشمیر کے مسئلے پر ایک توانا آواز کیسے اٹھا سکیں گے۔
انہوں نے کہا آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے مفادات اور پارٹیز سے بالاتر ہو کر غلامانہ طرز فکر سے رہائی حاصل کریں ملکی خومختاری اور سالمیت پر کسی طور سمجھوتہ نہ کریں اور وہ فکر اپنائیں جو علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے ہم تک پہنچائ مسئلہ فلسطین اور قبلہ اول کے تحفظ کے لیے امت مسلمہ اقبال کی خواب کی تعبیر بنتے ہوے ایک طاقت بن کر ابھرے قبلہ اول دنیا بھر کے مسلمانوں کا دوسرا حرم ہے لہذا جمعتہ الوداع یوم القدس پر تمام لوگ گھروں سے نکلیں اور قبلہ اول کی آزادی ، مظلومین فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غاصب صیہونی فورسز امریکہ و اسرائیل سے اظہار بیزاری کریں۔
کانفرنس سے نائب سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ احمد اقبال رضوی، پاکستان مسلم لیگ نواز سے اراکین پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ، آغا علی حیدر ،جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ ، بیرسٹر عامر رہنما پیپلز پارٹی ،فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم ,سربراہ منہاج القرآن ڈاکٹر محمد حسین آزاد، ملی یکجہتی کونسل کے جاوید قصوری سمیت صحافی مرتضیٰ ڈار ،مفتی جاوید نوری عظیم بھٹ ،سید شہزاد روشن گیلانی اور پاکستان میں مقیم فلسطینی طلباء نے خطاب کیا۔