وحدت نیوز (بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن شعبہ خواتین کے زیر اہتمام شام میں بی بی زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ اقدس پر تکفیریوں کی جانب سے راکٹ حملہ کے خلاف ایک احتجاجی پروگرام کا انعقاد الزہراء ہال اسکردو میں ہوا۔ احتجاجی مجلس سے خطاب ہوئے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی رہنماء معلمہ سیدہ عصمت رضوی نے کہا کہ شام میں حضرت زینب کبری س کی روضہ اقدس پر حملہ یزید وقت کی کارستانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی ظالم طاقتیں فکر کربلائی اور سفیر کربلا کی فکر سے پریشان ہیں۔ روضہ زینب (س) پر حملہ دراصل خانواندہ نبوت و وحی پر حملہ ہے۔
عصمت رضوی نے کہا کہ رسول مکرم (ص) کی نواسی، علی کی بیٹی اور ثانی زہراء نے امام حسین (ع) کی شہادت کے بعد شام و کوفہ کے درباروں میں جا کر یزید اور یزید کے پیروکاروں کے تخت و تاج کو جس بہادری اور شجاعت کے ساتھ روند ڈالا وہ قیام قیامت تک کے یزیدیوں کے منہ پر طمانچہ اور یزیدیت کی شکست کی بین علامت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ابوجہل و یزید کے فرزندوں سے چودہ سو سال گزرنے کے بعد بھی خانوادہ رسالت سے بغض و عناد ختم نہیں ہوا اور اب بھی اہلبیت ع کے شعار کو مٹانے کے درپے ہیں۔ یزیدی طاقتوں کو یہ واضح ہو جانا چاہیے کہ اہل بیت ع کا نور کفر کی ہواوں سے بجھنے والا نہیں ہے۔