وحدت نیوز(گلگت) پاراچنار بم دھماکہ دشمن کی پست ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے،قوم شہادت کے شیریں موت کی عاشق ہے ،دشمن کے ناپاک عزائم کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہونگے۔مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین کی کوارڈینیٹر خواہر سائرہ ابراہیم نے پاراچنا بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن بم دھماکوں اور خودکش حملوں کے ذریعے عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کرکے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتا ہے جس میں ہرگز انہیں کامیابی نصیب نہ ہوگی۔ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،ریاست اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھائے تو دہشت گردی کی لعنت سے قوم کو نجات مل سکتی ہے۔قوم کو موجودہ اور ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی سزا مل رہی ہے ریاست اپنا قبلہ درست کرلے اور انصاف کے تقاضے پورے کرے تو کوئی بعید نہیں کہ یہ قوم پوری دنیا میں اپنا نام روشن کرسکتی ہے لیکن بد قسمتی سے اس قوم کو ایسے حکمرانوں سے پالا پڑا ہے جنہیں اقتدار کی ہوس نے اندھا کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک مائنڈ سیٹ ہے جو ہمارے معاشرے میں سرایت کرچکا ہے جس سے نجات حاصل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن کی ضرورت ہے ۔دہشت گردوں کی مالی و اخلاقی سپورٹ کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا لازم ہے بصورت دیگر یہ آگ پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔