وحدت نیوز (گلگت) کھانے کی خواہش تو درکنارکاچو امتیاز کے ہاتھ سے نہ تو مٹھائی کھائی ہے اور نہ ہی انہیں مبارکباد پیش کی ہے، میرے حوالے سے اخبار میں چھپنے والی خبر سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی بی بی سلیمہ نے اخبار میں چھپنے والی خبر کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاچو امتیاز کی جانب سے پیش کی جانیوالی مٹھائی کھانا تو درکنار اس کی بو سونگھنا بھی ہمیں گوارا نہیں۔کاچو امتیاز اپنی جماعت سے بیوفائی کے مرتکب قرار پائے ہیں اور مجلس وحدت کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے میں اپنی جماعت کے ہر اقدام اور فیصلے سے انحراف کرنا اپنی توہین سمجھتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ موصوف اپنے بیان اور موقف کو بدلنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرتے اور مذکورہ خبر جان بوجھ کر میری ساکھ کو متاثر کرنے کی غرض سے چھپوائی ہے جوسراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ سپیکر کے فیصلے سے سچائی کو شکست اور جھوٹ و مکاری فتح سے ہمکنار ہوئے ہیں۔اپوزیشن لیڈر جناب شاہ بیگ کے عہد و پیمان پر قائم رہنے کوایمانداری اور دیگر کے اپنے ضمیر کو بیچنے پر شور شرابا کرنے والوں کی زبان آج کیوں بند ہوئی ہے جبکہ اپوزیشن لیڈر نے اپنے عہد و پیمان پر کاربند رہ کر ایک مثال قائم کی اور کاچو امتیاز نے پہلے تو اپنے ضمیر کا سودا کیا اور پھر پارٹی قیادت کے سامنے اپنی غلطی کو تسلیم کرکے استعفیٰ پیش کردیا اورپھر خود ہی اپنے پیش کردہ استعفیٰ سے منکر بھی ہوگئے جوکسی مسلمان کے شایان شان نہیں۔