وحدت نیوز(اسلام آباد) خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ پاکستان کے چیئرمین علامہ سید باقرعباس زیدی نے کہا کہ اس سال ماہ رمضان میں انشاء اللہ دس ہزار سے زائد(10000) مستحقین افراد میں راشن تقسیم کرینگے جس میں آٹا،دالیں،چینی،چائے،گھی،کھجوریں،مشروبات،مصالحہ جات و اشیاء خوردونوش شامل ہونگی۔اسکے لیئے تمام صوبوں اور اضلاع میں فلاح و بہبود کے سیکر ٹریز پر مشتمل کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں جو تمام تر انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ما ہ رمضان برکتوں اور رحمتوں والا مہینہ ہے یہ مہینہ اللہ تعالی کی طرف سے ہمارے لیئے ایک انمول تحفہ ہے جس میں ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کا موقع میسر آتا ہے۔ خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ بھی دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ لیکر میدان عمل میں ہے گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی ماہ مبارک رمضان میں غریب،پسماندہ، مستضعف ومستحق لوگوں کوراشن پہنچانے کا عزم لیکر خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کا ہر کارکن انشاء اللہ اپنی ذمہ داری ادا کرے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ علامہ سید باقر زیدی نے کہا کہ ماہ مقدس کے مہینے سے ہمیں زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنا چاہیے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیئے بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کریںاور ساتھ ساتھ دوسروں کو بھی اس کار خیر میں شامل ہونے کی ترغیب دینی چاہیے اس موقع پر انہوں نے تمام درد دل رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ آئیں اور معاشرے کے مستحق افراد کی بنیادی ضرورتوں کا احساس کرتے ہوئے ماہ مبارک رمضان میں خیرالعمل ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ ٹرسٹ کا اس کار خیر میں ساتھ دیں اس کار خیر میں ہر فرد کو شامل ہو کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ہماری آخرت سنور جائے ۔