وحدت نیوز (رحیم یارخان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے رحیم یار خان میں ڈسٹرکٹ بارکونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالم استکبارکی تمام تر توجہ پاک چین اکنامک کوریڈور کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر مرکوز ہے۔ سی پیک منصوبہ پاکستان کیخوشحالی و استحکام اور دنیا بھر میں چین کی اقتصادی برتری کا سبب بنے گا۔اس گیم چینجر کو امریکہ اپنے مفادات کے لیے شدید ترین نقصان دہ سمجھتا ہے۔ سی پیک منصوبے میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے لیے امریکہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔جس کی تکمیل کے لیے کالعدم مذہبی جماعتوں علیحدگی پسند گروہوں اور دیگرملک دشمن عناصر کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ ارض پاک کو اندرونی خلفشار کا شکار کرنے کے لیے داخلی و خارجی محاذ کھولے جاچکے ہیں ۔ایک طرف بھارت اور افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں تو دوسری جانب ملک کے عوام میں مذہبی، مسلکی، لسانی اور صوبائی تعصبات سمیت مختلف طریقوں سے نفرتوں کا پرچار کیا جا رہا ہے۔پاکستان میں لاقانونیت ،عدم تحفظ کے احساس کے فروغ کا بنیادی مقصد معاشرتی اقدار کی پامالی ہے ۔پاکستان کے عوام کو مختلف بنیادوں پر گروہوں میں تقسیم کرکے ’’ قوم ‘‘بننے سے روکا جا رہا ہے۔ہمارے دشمنوں کو اس بات کا ڈر ہے کہ پاکستان کی عوام اگر ایک قوم بن گئی تو پھرکوئی بھی طاقت اس قوم کے طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکے گی۔

انہوں نے کہا پاکستان میں عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال کے فروغ میں حکمرانوں نے بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ملک و قوم کی ترقی کی بجائے ذاتی اثاثوں میں اضافے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کئے جاتے رہے۔اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے پنجاب سمیت ملک بھر میں سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بناگیا جس نے معاشی بحران کو جنم دیا ۔حکمرانوں کی ناقص حکمت عملی کے باعث صاف پانی ،معیاری تعلیم ، صحت و صفائی اور روزگار جیسی بنیادی ضروریات زندگی سے پاکستان کی بیشتر آبادی محروم ہے۔جو عوام کے ساتھ بدترین زیادتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی قوتیں ایشیا کو تباہی کی طرف لے جانا چاہتی ہیں۔ ایشیا کا معاشی واقتصادی استحکام ہی وہ واحد حل ہے جو اس خطے کو مغربی استعمار کے نرغے سے چھڑا سکتا ہے۔عالمی طاغوت اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اس پورے خطے کو روبہ زوال رکھنا چاہتا ہے۔عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کی تشکیل بھی اسی مقصد کے لیے کی گئی۔ان تمام سازشوں سے نبرد آزما ہونے کے لیے ضروری ہے کہ ایشیائی عوام کی آگہی کے سلسلے میں مختلف سطح پر فورم تشکیل دیے جائیں تاکہ مغربی عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔عالمی طاقتوں کے نشانے پر نہ صرف ایشیا ہے بلکہ امت مسلمہ کی تباہی بھی ان عالمی طاقتوں کا اولین ہدف ہے۔عالم اسلام کے دانشمندانہ ،بابصیرت اور جرات مندانہ اقدامات اور اخوت کے ہتھیار سے مغرب کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصرعباس شیرازی نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے زیر اہتمام استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ 3دن کے اندر پنجاب سے ہمارے بے گناہ 6 سے زائد علما اغوا ہو چکے ہیں، پنجاب حکومت شیعہ قوم کیساتھ اپنی بغض و عناد کا رویہ ترک کرے، پڑھے لکھے اور دین دوست محب وطن علما کے اغوا سے پنجاب حکومت کی شیعہ دشمن ایجنڈے کو بے نقاب کر دیا ہے، ریاستی ادارے پنجاب حکومت کی شیعہ دشمن پالیسیوں کا نوٹس لیں، پنجاب حکومت دہشتگردوں کیخلاف بننے والی فورس سی ٹی ڈی کو اپنے شیطانی عزائم کے لئے استعمال کر رہی ہے۔ ناصر عباس شیرازی نے مزید کہا کہ ہمیں بتایا جائے قم المقدس اور نجف اشرف میں تعلیم حاصل کرنا کونسا جرم ہے؟ ہمارے ساتھ مقبوضہ کشمیر اور فلسطینیوں جیسا سلوک بند کیا جائے، ہم اعلی عدلیہ اور قومی سلامتی کے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پنجاب حکومت کی متعصبانہ انتقامی کارروائیوں کا نوٹس لیں، ہم اس ظلم و بربریت کیخلاف خاموش نہیں رہیں گے۔اس موقع پر ، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی ، صوبائی سیکرٹری سیاسیات انجینئرسخاوت سیال، ملک عامر کھوکھر سمیت بار کے عہدیداران سمیت وکلاء برادری کی بڑی تعدادبھی موجود تھی۔

وحدت نیوز(ننکانہ صاحب) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ پنجاب اور گلگت بلتستان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ہمیں انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے ،چنیوٹ کے ڈی پی او کی طرف سے بے گناہ افراد کی گرفتاری قابل مذمت ہے ،بیرونی طاقتیں کبھی بھی تیسری دنیا کے ممالک میں ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو جیسے عوامی لیڈرز کو برداشت نہیں کرتی ۔محرم الحرام صرف اہل تشیع کے لئے ہی نہیں بلکہ تمام مسالک اور تمام مذاہب کے لئے بھی قابل احترام مہینہ ہے ،محرم الحرام میں بلدیاتی انتخابات آگے بڑھائے جائیں ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے مجلس وحدت مسلمین ضلع ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام مقامی شادی ہال میں منعقدہ استحکام پاکستان اور استقبال محرم الحرام کانفرنس کے شرکاء سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔کانفرنس سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکرٹری خرم نواز گندا پور ، علامہ محب النبی طاہر ،حاجی عبد الحمید رحمانی ،سید اسد حسین بخاری سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ایٹمی طاقت پاکستان ہر دولت سے مالا مال ملک ہے لیکن اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو اس ملک کی ترقی برداشت نہیں ہوتی اس لئے وہ یہاں کبھی صوبائیت ،کبھی لسانیت اور کبھی فرقہ ورانہ بنیادوں پر ہمیں آپس میں لڑانے کی سازشیں کرتا ہے لیکن ہمیں ان سازشوں کو مل کو ناکام بنانا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران کمزور اور بزدل ہیں جو حج بیت اللہ کے دوران شہید اورلاپتہ ہونے والے پاکستاینوں کو واقعہ پر خاموش ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عوام صحت ،تعلیم ،روزگار سمیت کئی سہولیات سے محروم ہیں ،صرف صوبہ سندھ میں ایک کروڑ سے زائد افراد ہیپا ٹائٹس جیسی موذی بیماری کا شکا ر ہیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ دہشت گردی کے اس ماحول میں ہمیں امن و محبت کو فروغ دینا چاہئے ،ہم سب کو امن کی خوشبو ہر طرف پھیلانے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ،پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب ہی اس کے رکھوالے ہیں ،انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا سب کچھ بیرون ممالک میں ہے اس لئے انہیں اس ملک کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔تمام مسالک اور مذاہب کو محرم الحرام کے مقدس مہینے میں قیام امن کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا ۔

وحدت نیوز(بلتستان) یوم پاکستان کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کی جانب سے "استحکام پاکستان کانفرنس" کا انعقاد ہوا، جس میں لوگوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ کانفرنس کی ابتداء تلاوت کلام پاک سے ہوئی۔ نعت رسول مقبول (ص) کے بعد شرکاء سے انجمن امامیہ بلتستان کے سٹی صدر علامہ شیخ زاہد حسین زاہدی، ڈاکٹر میثم شجاعت، پروفیسر محمد علی، پروفیسر حشمت کمال الہامی، شیخ احمد علی نوری اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج سوچنے کا مقام یہ ہے کہ 23 مارچ 1940ء کو برصغیر کی مسلمان قوم کے لیے ایک الگ وطن کی ضرورت تھی جس کے لیے لاہور میں قرارداد پیش کی گئی لیکن آج وطن کو ایک مستحکم نظریاتی اور غیرتمند قوم کی ضرورت ہے۔ آج پاکستان کو مسلمان قوم کی ضرورت ہے۔ آج ہم مسلمان قوم کم جبکہ پنجابی، سندھی، پٹھان، بلوچی اور شیعہ، سنی و مہاجر زیادہ ہیں۔ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ آج ہم نے قوم کے غداروں کو ایوانوں میں بھیجا ہے جو قوم کا سودا کر کے اپنی تجوریاں بھرتے ہیں۔

 

مقررین نے کہا کہ آج ہمارے نمائندے ڈالر اور ریال کے عوض قومی غیرت و حمیت کا علی الاعلان سودا کر رہے ہیں۔ ہمارے تعلیمی اداروں، اقتصادی اداروں، ریاستی اداروں، معاشی اداروں اور عسکری اداروں کو امریکی و سعودی ایماء پر مفلوج کیا جا رہا ہے۔ آج ہم اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ ساٹھ سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے بعد پاکستان کی بقاء و سلامتی اور استحکام کے لیے سوچنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ من حیث القوم اپنے اندر اتحاد پیدا کریں اور قوم کے سوداگروں سے چھٹکارا پانے کے کوشش کریں۔ اس وقت اقبال و قائد کے نظریات کے احیاء اور ان پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

 

استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ آغا علی رضوی نے کہا کہ اگرچہ اسوقت مختلف صوبوں، مسلکوں، خطوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں لیکن سب سے بڑا ظلم وطن عزیز پاکستان پر ہو رہا ہے۔ وطن عزیز پاکستان کا چپہ چپہ اپنے ہی شہریوں کے خون سے رنگین ہے۔ شیطان بزرگ امریکہ کی جانب سے وطن عزیز کی سرحدوں کی پائمالی کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کے لیے تمام پاکستان دشمن طاقتیں متحد ہیں اور دہشت گردی و فرقہ واریت کے ذریعے اس ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جسے اس ملک کے غیور شیعہ و سنی اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree