وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلسِ وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویڑن کےڈپٹی سکریٹری جنرل علامہ ولایت حسین جعفری نے کا بینہ اجلاس کے دوران  تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم افراد کی شخصیت کا وہ عظیم سرمایہ ہے جو انسان میں چھپی ہوئی تمام صلاحیتوں کو شگوفا کر سکتی ہے اور تعلیم ہی وہ زیور ہے جو انسانی شخصیت کو نکھارتی ہے تعلیم کے بغیر کوئی شخص بلند انسانی مقامات تک پہنچ سکتا ہے نہ ہی کوئی قوم ترقی کی بلندیوں کو چھو سکتا ہے. لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے ملک میں جس چیز کو سب سے کم اہمیت دی جاتی ہے وہ تعلیم ہے.  ستر سال گزرنے کے باوجود بھی ہمارا تعلیمی نظام زبوں حالی کا شکار ہے . حد تو یہ ہے کہ ہمارے جامعات و اداروں سے حاصل شدہ ڈگریوں کی خود ہمارے ملک میں ہی کوئی وقعت نہیں ہے چہ جائیکہ انٹر نیشنل سطح کی بات کی جائے۔

انہوں نےمزید کہاکہ  ہمارے انہی تعلیمی اداروں سے ڈگریاں حاصل کرنے والے جوان جاب کریٹر کی بجائے جاب سیکرز بن گئے ہیں اور نوکریوں کی تلاش میں دربدر کی ٹھوکریں کھاتے پھیر رہے ہیں ہمارے جوان محنت بھی کرتے ہیں لیکن پھر بھی اس قابل نہیں بنتے کہ نوکریاں تلاش کرنے کی بجائے نوکریاں تخلیق کریں  اسکی وجہ یہ نہیں کہ جوانوں میں صلاحیت موجود نہیں ہمارے جوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہیں لیکن ہمارا تعلیمی نظام انتہائی ناقص اور ایک صدی پراناہے نوجوان نسل کی یہ ابتری ہمارے مستقبل کی پیشنگوئی کر رہی ہے اور اگر حکومت اور مقتدر حلقوں نے اس بحران کی طرف توجہ نہیں دی تو مستقبل قریب میں وطن عزیز انتہائی خطرناک اور پیچیدہ مسائل سے دوچار ہوگا ضرورت اس امرکی ہے کہ ترجیحی بنیادوں پر نظام تعلیم کو بہتر بنایا جائے اور نوجوان نسل جوہمارے مستقبل کے معمار ہیں کو بڑی تباہی سے بچایا جائے . صوبائی سطح پر بھی حکومت بلوچستان صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرکے انقلابی اقدامات اٹھا کر تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کریں کیونکہ صوبہ بلوچستان کی پسماندگی کی سب سے بڑی وجہ ناقص نظام تعلیم ہے۔

وحدت نیوز(سکردو)  مجلس وحدت مسلمین کے شعبہ پریس اینڈ انفارمیشن نے حالیہ دنوں خطے کے موقر روزناموں پر حکومتی قدغن کی واشگاف الفاظ میں مذمت کی اور قراردیا کہ ایسی روش جمہوری حکومت کو زیب نہیں دیتی، صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری ایک بیان میں ایم ڈبلیوایم گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد علی نوری نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہئے کہ اپنا طرز عمل بدلیں اور سمجھ لیںکہ عوام نے انہیں صحافتی آزادی کو سلب کرنے کیلئے نہیں بلکہ اظہار رائے کی آزادی اور مہذب معاشرے کی تشکیل میں جمہوری اقدار کو فروغ دینے کیلئے منتخب کیا ہے۔ لہٰذا ایسا رویہ اپنائیں جو معاشرے کے ہر طبقے کیلئے قابل قبول اور مہذب معاشرے کی اکائیوں کوآزادی کیساتھ کام کرنے میں مانع نہ ہوں۔ دنیا کی کسی جمہوری حکومت میں صحافتی آزادی کو سلب کرنے کو اچھا نہیں سمجھا جاتاکیونکہ اس سے نہ حکمران معاشرتی امور سے بہتر طریقے سے آگاہ ہوسکتے ہیں، نہ ہی عوام تک حکومتی و دیگرملکی و سماجی معاملات پہنچ پاتی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین صحافتی تنظیموں اور اداروں کیساتھ انکے حقوق کیلئے جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہوگی اور کسی بھی حد میں حکمرانوں کو جمہوری اقدار کے منافی حرکات سے روکنے میں اپنا کردار ادا کرنے سے نہیں ہچکچائیگی۔

وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی سے لاہور میں صوبائی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیو ایم میں جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما ڈاکٹر امجد چشتی و دیگر علماء و مشائخ نے ملاقات کی۔ انہوں نے اہلسنت علماء سے موجودہ ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے امن پسند اور محب وطن علماء عمائدین اور دانشوروں سے مل کر ملک دشمنوں کی سازشوں کیخلاف جدوجہد کریں گے، پاکستان میں شیعہ سنی متحد ہیں، تخریب کاروں اور انتہاپسندوں کا اسلام تو کیا انسانیت سے بھی کوئی تعلق نہیں، حکومت دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور سیاسی سرپرستوں کیخلاف ایکشن لے۔ انہوں نے پاناما کرپشن کیس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاناما کرپشن کیس کے حوالے سے شریف خاندان والے عدالت میں ابھی تک کوئی منی ٹریل نہیں دے سکے بلکہ جب بھی منی ٹریل کی بات کی جاتی ہے کوئی نہ کوئی قطری سامنے آ جاتا ہے، قطری خطوط ہماری قوم اور عدلیہ کی توہین ہیں۔ سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کرپشن کا سب سے بڑا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے اور حکومتی نمائندوں کا ایک ٹولہ روزانہ کی بنیاد پر عوام کو گمراہ کن باتوں سے مایوس کر رہا ہے، قوم کی قسمت کا فیصلہ اب سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ کے ہاتھوں میں ہے۔ ڈاکٹر امجد چشتی اور سید اسد عباس نقوی نے بھارتی یوم جمہوریہ پر برج خلیفہ کو ہندوستانی پرچم سے سجھانے کے عمل کو مظلوم کشمیری شہداء اور آزادی کے جدوجہد میں قربانیاں دینے والے کشمیری مسلمانوں کے زخموں پر نمک پاشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک نے ہمیشہ ہمارے خلوص اور جذبات کا ناجائز فائدہ اُٹھایا ہے، مسلم اُمہ کو درپیش مشکلات میں سب سے زیادہ حصہ عرب بادشاہوں کا ہے جو استعماری قوتوں کے ہاتھوں اسیر ہیں۔

وحدت نیوز (قُم المقدسہ) مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنایزیشن پاکستان سید سرفراز نقوی جو ان دنوں اسلامی جمہوریہ ایران کے دورے پر ہیں انہوں نے  قم میں قائم  وحدت ہاؤس کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے مرکزی سیکر یٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی اور سیکریٹری جنرل شعبہ قُم علامہ گلزار جعفری سے ملاقات کی اس دوران اہم قومی و ملی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اس موقع پر سابق مرکزی صدر آئی ایس او یافث نوید ہاشمی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز (ملتان) حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہے،جنوبی پنجاب کے عوام بنیادی انسانی حقوق اور سہولیات سے محروم ہے،میٹرو کے نام پر اربوں روپے کا ضیاع کیا گیا،نشتر ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال میں مریضوں کا پرسان حال نہیں،صحت اور تعلیم کا شعبہ ابتری کا شکارہے،جس شہر کے ہسپتالوں میں ایک بیڈ پر تین تین مریضوں کا علاج ہو رہا ہو وہاں میٹرو کے نام پر 29 ارب روپوں کا ضیاع کرنا کہاں کی دانشمندی ہے،ہر دور کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے محروم عوام کا استحصال کیا، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے ملتان میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں کالعدم جماعتوں کیخلاف کاروائی نہ ہونے کے برابر ہے،نیشنل ایکشن پلان کے نام پر سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جارہا ہے،جمہوری اقدار کو فراموش کر دیا گیاہے، فوجی عدالتیں سپیڈی ٹرائل کیلئے بنائی گئیں لیکن وہ نتائج نہیں دے سکیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں بھی دہشتگردوں کے سہولت کار موجود ہیں جو کارروائی نہیں ہونے دیتے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایساملک بن چکا ہے جس کی دیواریں نہیں، جوچاہتا ہے گھس آتا ہے اور دوسرے ممالک کیلئے یہاں احتجاجی مظاہرے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر شعبہ میں کرپشن ہے، پاکستان کی کمزوری کی وجہ جمہوریت پر شب خون مارنا ہے، یہاں قدم قدم پر جمہوریت کا گلہ گھونٹا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین یہ کہتا ہے کہ ملک میں حاکمیت اعلیٰ اللہ تعالیٰ کی ذات ہے اور عوام کے منتخب نمائندے اسے بطور امانت استعمال کریں گے، لیکن یہاں حکمران آئین کے آرٹیکل 62اور 63پر پورا نہیں اترتے، انہوں نے اپنی اولادیں تیار کی ہوئی ہیں کہ وہ ان کے بعد اقتدار سنبھالیں گی۔

 علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ حکمران عوام کو دھوکادے کر اقتدار میں آتے ہیں، پارلیمنٹ میں جھوٹاخطاب کرتے ہیں، یہ اخلاقی طور پر کمزور لوگ ملک کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتے، انہوں نے کہا کہ ہمارے بہت سے کارکن ایک طویل عرصے سے لاپتہ ہیں، لیکن کوئی ان کے بارے میں نہیں بتا رہا، یہ کس قسم کا قانون ہے، ڈی آئی خان سے ایک نوجوان کو غائب کیا گیا، پانچ برس گزر گئے ہیں ناصر حسین کا کوئی علم نہیں کہ زندہ ہے یا مار دیا گیا ہے،پنجاب سے ہمارے علماء اور پڑھے لکھے پرامن نوجوانوں کو غائب کیا گیا ہے،جن کا تاحال کوئی پتہ نہیں،یاد رکھیں حکومتیں کفر سے تو باقی رہ سکتی ہیں مگر ظلم سے نہیں،ہمارے چوبیس ہزار شہداء کے ورثا کو تو انصاف نہیں دے سکے لیکن دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کی خوشنودی کے لئے ہم پر ریاستی جبر جاری ہیں،علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ انسان کی طرح وطن کی بھی ناموس ہوتی ہے، ملک کے دشمن ، عوام کے بھی دشمن ہوتے ہیں لیکن یہاں ملک کے دشمنوں کو گھربلایا جاتا ہے، مودی بنگلہ دیش میں کھڑے ہوکر تسلیم کرتا ہے کہ پاکستان توڑنے میں اس کا کردار تھالیکن نوازشریف اسے گلے لگاتا ہے،۔ انہوں نے کہا کہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ ملک سے دہشت گردی ختم ہو گئی ہے، لیکن یہ پارا چنار میں پھر دھماکہ ہو گیا، معصوم بچے بھی نشانہ بنے قبائلی علاقوں میں واحد کرم ایجنسی ہے جس کے لوگ سب سے زیادہ محب وطن ہیں، انہوں نے پاکستان کے جھنڈے لگا رکھے ہیں، لیکن ان کا جیناحرام کر رکھا ہے، پولیٹکل انتظامیہ بھی انہیں ریاستی تشدد کا نشانہ بنارہی ہے اور دہشت گردبھی انہی پر حملے کررہے ہیں۔ راستے میں درجنوں چیک پوسٹیں ہیں پھر بھی دہشت گردوہاں پہنچ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ناکام ہو چکا ہے، ملک میں دہشتگردوں کیلئے کوئی روک ٹوک نہیں، وہ سرعام دندناتے پھر رہے ہیں۔

وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان کہا گیا ہے کہ مرکز کے بعد ایم ڈبلیو ایم صوبہ بلوچستان کا انٹرا پارٹی الیکشن 22 جنوری بروز اتوار صوبائی سکریٹریٹ کویٹہ میں منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر کے 12 اضلاع کے عہدیداران , صوبائی شوریٰ کے ممبران نے شرکت کر کے اپنا حق رائے دہی استعمال کر کے صوبائی سکریٹری جنرل کا انتخاب کیا انتخابات میں صوبائی سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے تین امیدواروں علامہ برکت علی بلوچ، کربلائی رجب علی ہزارہ اور سید ظفر عباس شمسی کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں علامہ برکت علی بلوچ نے بھاری اکثریت سے ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی جس پر تمام مرکزی قائدین , صوبائی و ضلعی عمائدین و ممبران نے  علامہ برکت علی بلوچ کو مجلس وحدت مسلمین صوبہ بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی گزشتہ رات رکن شوریٰ عالی علامہ ہاشم موسوی نے نو منتخب صوبائی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم سے ان کے عہدے کا حلف لیتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

اس دوران مجلس وحدت مسلمین کے رکن شوریٰ عالی ایم پی اے آغا رضا نے صوبائی آرگنائزر کے عہدے سے مستعفی ہو کر جمہوری اصولوں کے عین مطابق تمام تر اختیارات نو منتخب صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ برکت علی بلوچ کے حوالے کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اور ہماری پارٹی جمہوری اصولوں کے پابند ہیں ہمارا پارٹی دستور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین ودستور کی روشنی میں مرتب کیا گیا ہے جس طرح ہماری پارٹی میں جمہوریت قائم ہے اسی طرح ہم وطن عزیز میں بھی ہم جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کوشاں ہیں آمریت ہر سطح پر نقصان کا باعث ہے جمہوری اداروں کی مضبوطی , اختیارات اور عوام کے منتخب نمائندوں کے احترام ہی میں جمہوریت کی بقا ہے لہذا ہم اپنے نو منتخب صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ برکت علی بلوچ کیساتھ بھرپور تعاون کر کے ان کے ہاتھ مضبوط کریں گے ۔ آخر میں تمام ممبران نے انھیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے انکی کامیابی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree