ایم ڈبلیوایم پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ کی عراقی مجلس اعلیٰ کے سربراہ شیخ ھمام حمودی سے ملاقات

23 اکتوبر 2019

وحدت نیوز(بغداد) سیکرٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان جناب حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے عراقی مجلس اعلیٰ کے سربراہ اور عراقی پارلیمنٹ کے سابق نائب رئیس جناب شیخ ھمام باقر حمودی سے ملاقات کی۔ شعبہ امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق اس ملاقات کا مقصد پاکستانی زائرین کو درپیش ویزا مشکلات کے مستقل حل کے حوالے عراق کی سیاسی و مذہبی قیادت کو مطلع کرنا اور انہیں اس مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کرنا ہے۔

شعبہ امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات کا دوسرا مقصد عراق کی سیاسی و مذہبی قیادت کو مسئلہ کشمیر کی اہمیت کی طرف متوجہ کرنا اور خطے کی امن و سلامتی پر مسئلہ کشمیر کے اثرات کے پیش نظر عراق کی سیاسی و مذہبی قیادت کو اپنا ممکنہ کردار ادا کرنے پر قائل کرنا ہے۔عراق کی دستور ساز کمیٹی کے سربراہ اور اہم عراقی سیاست دان جناب شیخ ھمام باقر حمودی سے ہونے والی اس ملاقات میں سیکرٹری امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان جناب ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے پاکستانی زائرین کو درپیش ویزا مسائل پر عراقی سیاسی و مذہبی قیادت کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور اس مسئلے کے مستقل حل کی ضرورت پر زور دیا۔ جناب شیخ ھمام حمودی نے ویزا و دیگر مسائل کے مستقل حل کے لیے تعاون کا یقین دلایا۔

حجت الاسلام و المسلمین جناب ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور علاقائی امن و سلامتی پر اس مسئلے کے اثرات کے حوالے سے جناب شیخ حمودی کو بریف کرتے ہوئے کہا پاکستان اور ہندوستان دو جوہری طاقتیں ہیں۔ اگر مسئلہ کشمیر کا کوئی پائیدار حل نہیں نکالا گیا تو جوہری جنگ کا خطرہ خطے کے سر پر منڈلاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا موجودہ ہندوستانی حکومت کے توسیع پسندانہ عزائم اور ظالمانہ اقدامات نے دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ جنگ کے خطرے کو مزید بڑھا دیا ہے۔

ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور اس کے حل کے لیے عالم اسلام کے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ عراقی پارلیمنٹ کے سابق نائب رئیس شیخ ھمام باقر حمودی نے اس حوالے سے کہا کہ وہ پہلے دن سے استصواب رائے کو مسئلہ کشمیر کا اصل حل سمجھتے ہیں اور اس سے قبل کئی بار اس حوالے سے عراقی و دیگر سیاستدانوں اور حکمرانوں کو اس طرف متوجہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے کشمیر میں ہونے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا میں عراقی حکومت اور سیاسی و مذہبی قیادت کو مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف اپنانے اور اس مسئلے کے حل میں ممکنہ کردار ادا کرنے کی تاکید کرتا ہوں۔

عراقی پارلیمنٹ کے سابق نائب رئیس اور مجلس اعلیٰ عراق کے سربراہ جناب شیخ ھمام باقر حمودی نے ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کو عراق کی موجودہ صورتحال پر بریف کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ بحران کے پیچھے امریکہ اور اسرائیل کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا امریکہ کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ اپنے ناپسندیدہ حکمرانوں کو کبھی قبول نہیں کرتا۔ امریکہ کی کوشش ہوتی ہے کہ جو حکمران اس کو پسند نہیں ہیں ان کا تختہ الٹ دیا جائے یا ان کے لیے مشکلات کھڑی کی جاتی رہیں تاکہ وہ اپنے ملک کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مستحکم قدم نہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے کہا موجودہ عراقی حکومت کی خارجہ پالیسی امریکہ کو پسند نہیں ہے لہذا وہ عادل عبد المہدی کی حکومت کے خلاف ایک محاذ بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا اس سلسلہ میں امریکہ پہلے مرحلے پر عوام کی ایک تعداد کو سڑکوں پر لایا ہے اگلے مرحلے میں چند بے بصیرت سیاسی رہنماؤں اور فوجی افسروں کو عادل عبد المہدی کی حکومت کے خلاف اکسایا اور یوں اس حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی جائے گی۔

 عراق کی آئین ساز کمیٹی کے سربراہ جناب شیخ ھمام باقر حمودی نے کہا کہ عراقی عوام اور سیاسی و مذہبی قیادت کو امریکہ کی اس سازش سے نمٹنے کے لیے انتہائی بصیرت سے کام لینا ہوگا۔ایک گھنٹے سے زیادہ جاری رہنے والی اس ملاقات میں مجلس اعلیٰ عراق کے سربراہ جناب شیخ ھمام حمودی نے پاکستان میں مجلس وحدت مسلمین کے کردار اور موقف کو سراہا اور ملکی امن و استحکام اور بین المذاھب ہم آہنگی کے لیے بطور سیاسی و مذہبی جماعت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ شیخ ھمام حمودی نے اہم بین الاقوامی مسائل کے حوالے سے پاکستانی حکومت خصوصاً وزیراعظم پاکستان کے موقف اور کوششوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی وزیراعظم اور دیگر مسلمان رہنماؤں کی کوششوں سے خطہ جلد پائیدار امن اور سلامتی کا حامل ہوگا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree