وحدت نیوز(اسلام آباد)ترجمان مجلس وحدت مسلمین پاکستان شہریار سیدنے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقع پر حکومت کی جانب سے زائرین کے بائی روڈ سفر پر عائد کی گئی غیر آئینی اور غیر منصفانہ پابندی کے خلاف کل سے ملک بھر میں پُرامن احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر “پہیہ جام” یا “دھرنوں” کے متعلق جو خبریں مجلس وحدت مسلمین کے نام سے منسوب کی جا رہی ہیں، ہم ان کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔
یہ جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات دراصل ہماری پرامن جدوجہد کو سبوتاژ کرنے اور ہمارے مقدس مشن کو متنازعہ بنانے کی ایک مذموم کوشش ہیں۔مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ ملتِ تشیع کے حقوق، زائرین کے تحفظ، اور تمام مظلوم طبقات کی حمایت میں صفِ اول کا کردار ادا کیا ہے۔ ہم اربعین کے موقع پر حکومت وقت کی پُراسرار اور غیر جمہوری سفری پابندی کو پاکستان کے عوام، خاص طور پر زائرین کے آئینی اور مذہبی حقوق پر حملہ سمجھتے ہیں، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
ہم عوام الناس، بالخصوص محبانِ اہل بیتؑ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کل کے پُرامن احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں اور ایک منظم، باوقار اور باشعور قوم ہونے کا ثبوت دیں۔ساتھ ہی یہ بات واضح کرنا ضروری ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کا کوئی بھی بیان یا اعلامیہ صرف اور صرف آفیشل ویب سائٹ، ٹوئٹر یا فیس بک اکاؤنٹس کے ذریعے جاری کیا جاتا ہے۔ لہٰذا غیر مصدقہ ذرائع سے آنے والی کسی بھی خبر پر یقین نہ کیا جائے۔