The Latest

وحدت نیوز(رحیم یارخان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے جنوبی پنجاب کے تین روزہ دورے کے پہلے دن ضلع رحیم یار خان کا دورہ کیا، اس موقع پر صوبائی نائب صدر اصغر تقی ،تحصیل صدر مولانا عاشق علوی، مولانا سہیل اکبر شیرازی و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر مسجد و امام بارگاہ ولی عصر لیاقت پور میں (حمایت مظلومین فلسطین کانفرنس) سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دین خدا کو انصار اور مددگاروں کی ضرورت ہے۔ انبیاء کرام علیہم السلام اور آئمہ ھدی علیہم السلام کو انصار کی تلاش تھی۔ آج فلسطین کا معرکہ حق و باطل کا معرکہ ہے۔ دنیا میں ظالم و مظلوم اور حق و باطل کی نئی صف بندی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ میں اسرائیل شکست کھا چکا ہے غزہ کے شہداء کے پاکیزہ لہو نے اقوام عالم کو خواب غفلت سے بیدار کرتے ہوئے عصر حاضر کے فرعونوں کے مکروہ چہرے سے نقاب اتار دیا ہے۔ مستکبرین عالم کو یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ جبر و تشدد کے ذریعے حق و صداقت کی آواز کو نہیں دبایا جا سکتا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین تحصیل لیاقت پور کے صدر مولانا عاشق علوی نے کہا کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کی عوام کبھی بھی اپنے فلسطینی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔تحصیل صدر علامہ عاشق علوی نے تحصیل لیاقت پور میں مجلس وحدت مسلمین کی کارکردگی بیان کی انہوں نے بتایا کہ ایم ڈبلیو ایم کے تحصیل لیاقت پور میں پانچ یونٹس ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا ہے کہ کچے کے ڈاکو چھوٹے ہیں، جرم کے اعتبار سے پکے کے ڈاکو بڑے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے تحفظ آئین پاکستان کیسے اور کیوں؟ کے عنوان سے ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت پوری پاکستانی قوم کے متحد ہونے کا ہے۔ ریاست کو آئین و قانون کی طرف لانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ذرا سوچیں کہ 9مئی کے واقعات سے کس کو فائدہ پہنچا؟اس کا فائدہ شیطان کو پہنچا ہے، 9 مئی کے بعد جو ظلم شروع ہوا وہ ملکی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔

اگر ہمارے حکمران حقیقی معنوں میں جمہوریت پسند  اور آئین کے تابع ہوتے تو الیکشن نتائج کو کھلے دل سے تسلیم کرتے اور زبردستی مسلط کرنے والوں کے حکم کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہارے ہوئے کو فارم 47 سے ایوانوں میں نہیں جانا چاہیے تھا۔ ۔ہم  آئین کے تحفظ اور بالادستی کا عہد کر کے نکلے ہیں۔ ملک کو بربادی سے بچانے کے لیے آئین کی حفاظت اولین شرط ہے۔جس کے لیے پوری قوم کو عملی کوششیں کرنا ہوں گی۔ہمیں مذہبی،مسلکی،لسانی اور علاقائی حدبندیوں سے نکل کر ایک مضبوط قوم بننا ہے۔آئین کی حفاظت کسی آمر کو ساتھ ملا کر نہیں کی جاتی عوام آئین کی حفاظت کرتے ہیں۔گھروں میں گھس کر لوگوں کی ماؤں بہنوں کو اٹھانے والے بزدل لوگ ہیں۔

سینیٹر علامہ ناصر عباس نے کہا کہ جو بھی آئین کے خلاف قدم اٹھائے اسے منع کرنا چاہیے، آئین ایک مقدس دستاویز ہے جو پاکستان کی تمام اکائیوں، اقوام اور قومیتوں کو جوڑتی ہے، جنہیں آئین کے تابع ہونا تھا وہ آئین پر سوار ہیں، پاکستان میں تقسیم کو رواج انہیں قوتوں نے بخشا، پاکستان میں جو کچھ 9 مئی کے بعد ان نے آمریت کی بدترین تاریخ رقم کی ہے۔ بوڑھی خواتین سمیت 11 ہزار سے زائد جوانوں کو گذشتہ 9 ماہ سے قید وبند میں مبتلا رکھا گیا ہے جو کہ اس ملک کا مستقبل ہیں ۔

سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اس ملک میں آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کی خودمختاری کا حلف اٹھایا ہے ، ہم ہر صورت وطن اور اہل وطن کو اس غلامی سے نجات دلائیں گے، گندم کا مسئلہ کوئی معمولی مسئلہ نہیں اس میں ملوث لوگوں نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے،لیکن افسوس ان ذمہ دارا عناصرکو سزادینےکے بجائے بچایا جارہا ہے ۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری کی سیو غزہ مہم کے زیر اہتمام ڈی چوک پر دیئے گئے دھرنے میں شرکت۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہل غزہ کے صبر، استقامت اور بہادری کی وجہ سے دنیا دو حصوں میں تقسیم ہوگئی ہے، ایک وہ جو غزہ کے ساتھ ہیں اور دوسرے  وقت کے نمرود و فرعون اور ظالم صہیونی ریاست اسرائیل کے ساتھ ہیں، نہتے غزہ کے شہریوں نے7 ماہ میں کبھی سفید پرچم نہیں اٹھایا، فلسطین کا مسئلہ عالمگیر حیثیت اختیار کر چکا ہے، اسرائیل شکست خوردہ ہے، اس کے بنیادی اہداف بھی 7 ماہ کی جنگ میں حاصل نہیں ہوسکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ڈی چوک میں دھرنا دینے والے نوجوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، سینیٹر ریٹائرڈ مشتاق احمد خان، ان کی اہلیہ اور سیو غزہ مہم کی قائد حمیرہ مشتاق جس مشن پر ہیں وہ مشن قرآن مجید نے ہمیں سکھایا ہے، مظلوم کیلئے آواز اٹھانا اللہ پاک کے ہاں محبوب ترین عمل ہے، اس پاکیزہ و قرآنی عمل کو انجام دینے والے کلام خدا کی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں، آئندہ جمعہ کی شب ڈی چوک پر سیو غزہ مہم کے دھرنے میں اہل پاکستان بھرپور شرکت کریں۔

وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے وکلا پر پولیس کے بہیمانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے۔ کئی سال سے پنجاب کو پولیس سٹیٹ بنا دیا گیا ہے۔ پہلے پی ٹی آئی، پھر کسان اور اب وکلا کے خلاف پولیس گردی کی گئی ہے، اگر حکومت نے اپنی روش نہ بدلی اور پولیس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے سے باز نہ آئی تو اِس کے نتائج مستقبل میں اِن حکمرانوں کو بھی بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔ علامہ سید علی اکبر کاظمی نے وکلا برادری کو مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے۔

وحدت نیوز(فیصل آباد)صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی کا اپنے وفد کے ہمراہ فیصل آباد ڈویژن کا تنظیمی دورہ ۔

مرکزی مسئولین مجلس وحدت مسلمین کے حکم پر صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی نے اپنے وفد کے ہمراہ دو روزہ  فیصل آباد ڈویژن کا وزٹ کیا جہاں انہوں ضلع چنیوٹ اور ضلع فیصل آباد کے تنظیمی برادران کے علاؤہ جامعہ بعثت کے مسئولین کے ساتھ میٹنگز کیں ۔

اس وزٹ کا مقصد آنے والے دنوں میں فیصل آباد میں ہونے والے بڑے عظیم الشان عوامی اجتماع کی زمینہ سازی اور تیاری کرنا تھی ۔انہوں نے 3 مقامات پر دوستوں سے ملے اور عوامی جلسے کے بارے مکمل آگاہی دی ۔ اور اس کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں ۔

انہیں میٹنگز میں تنظیمی برادران کی جانب سے کئی ایک تجاویز بھی سامنے آئیں جس پر صوبائی صدر نے کہا کہ میں اپنے مرکزی مسئولین کے ساتھ میٹنگ میں آپ موقر تجاویز ان کے سامنے رکھوں گا ۔ ان شاءاللہ ۔

اس بارے جو بزرگان نے  بہترسمجھا ، آپ ساتھیوں سے ملکر اگلا لائحہ عمل تیار کیاجائے گا ۔ان شاءاللہ ۔ ابھی وزٹ جاری تھا کہ عوامی اجتماع کی تاریخ 10 مئی کی بجائے اب 17 مئی کردی گئی ہے ۔ صوبائی صدر نے فیصل آباد ڈویژن کے برادران کی مشاورت سے اس وزٹ کو اگلے ہفتے تک موخر کردیا ۔

اب یہ وزٹ شوری عمومی کے اجلاس جو اسلام آباد میں ہورہا ہے اس کے بعد انجام پائے گا ۔ ان شاءاللہ ۔

وحدت نیوز(لاہور)صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب لاہور سیکریٹریٹ میں جشن ولادت باسعادت حضرت ابو طالب علیہ السلام کا کیک کاٹا گیا ۔مجلس وحدت مسلمین وحدت یوتھ ونگ کے زیر اہتمام ولادت باسعادت حضرت ابو طالب علیہ السلام مطابق 29 شوال المکرم کے پرمسرت دن کی مناسبت سے جشن ابو طالب علیہ السلام کا کیک کاٹا گیا ۔خوشی کے اس بابرکت موقعہ پر جناب برادر نقی حیدر ڈویژنل صدر یوتھ ونگ لاہور ڈویژن ، جناب رانا کاظم علی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور اور وحدت یوتھ کے دیگر معزز اراکین بھی موجود تھے ۔صدر وحدت یوتھ لاہور ڈویژن برادر نقی حیدر کے آفس میں لاہور یوتھ ونگ کے دوستوں کی آمد اور حضرت ابوطالب علیہ السلام کی ولادت کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔

وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ میں تحریک انصاف کے نامزد امیدوار این اے 148 بیرسٹر ملک تیمور مہے کی صوبائی صدر علامہ اقتدار حسین نقوی کے ساتھ ملاقات۔اس موقع پہ مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سلیم عباس صدیقی،سیکرٹری سیاسیات سید وسیم زیدی،سیکرٹری تنظیم سازی سید دلاور زیدی،صوبائی صدر عزاداری ونگ سخاوت سیال،ضلعی صدر برادر فخر نسیم اور ضلعی سیکرٹری سیاسیات برادر مہدی موجود تھے۔قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پہ انشااللہ 19 مئی کو ملتان میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں برسٹر تیمور مہے کی حمایت کا اعلان کیا۔

وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس x پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے باہر وکلاء کی احتجاجی ریلی پر پولیس کے دھاوا بولنے ، لاٹھی چارج اور وکلا کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں،پنجاب کو مکمل طور پر پولیس سٹیٹ بنادیاگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو پرامن احتجاج کا حق نہیں، پولیس چادر چار دیواری کی بے حرمتی کرے، بے گناہوں پر سیاسی پرچے کاٹے اور انصاف کا قتل عام کرے، اِس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ پوری دنیا پاکستان کے داخلی حالات کی وجہ سے تشویش کااظہارکررہی ہے، ہم وکلاء اورکسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں،پنجاب کے جعلی حکمران یہ بھول گئے ہیں کل وہ اقتدار میں نہ ہوں گے۔

وحدت نیوز(کوئٹہ)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام چمن پرلت پر ڈپٹی کمشنر اور ایف سی حملے کے خلاف کوئٹہ میں احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ احتجاجی ریلی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے نکالی گئی جو شہر کے مختلف شاہراہوں قندہاری بازار، باچا خان چوک سے ہوتی ہوئی منان چوک پر اجتماع میں تبدیل ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے چمن پرلت کے مطالبات کے حق میں اور چمن پرلت پر حملے میں ملوث ایف سی اور ضلعی انتظامیہ کے ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے سمیت دیگر نعرے لگائیں۔ احتجاجی جلسے کی قیادت تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رکن جماعتوں کے قائدین کر رہے تھے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری، پی ٹی آئی رہنماء داؤد شاہ کاکڑ، بی این پی رہنماء ساجد ترین، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماء عبدالرحیم زیارتوال اور انجمن تاجران کے رہنماء عبدالرحیم کاکڑ نے خطاب کیا۔
 
مجلس وحدت المسلمین کے رہنماء علامہ حسین جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظلم کے ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم مظلوموں کے ساتھ کھڑے رہینگے۔ انہوں نے کہا کہ چمن پرلت کے شرکاء 7 مہینے سے احتجاج پر بیٹھ کر حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں کہ ان کے مطالبات کو تسلیم کیا جائے لیکن حکومت انہیں سن رہی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کو روزگار کے مواقع فراہم نہ کہ ان پر گولیاں برسائیں۔ ہمارے قائد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا تھا کہ ہم چمن کے عوام کی آواز ہر فورم پر اٹھائیں گے اور ان کا ساتھ ہوئے پورے پاکستان میں ان کی فریاد پہنچائیں گے اور اس تحریک کو پھیلائیں گے اور یہ تحریک چمن کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیگی۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان سمیت تمام بے گناہ قیدیوں سیاسی رہنماؤں و کارکنوں کو رہا کیا جائے۔
 
بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء ساجد خان ترین نے اس موقع پر کہا کہ چمن کے عوام کا 7 مہینے سے جاری پر امن دھرنا، منظم انداز میں اپنے مطالبات کیلئے احتجاج ایک سیاسی جمہوری عمل ہے اور اس پر ہم انہیں داد تحسین پیش کرتے ہیں لیکن اس پر امن پرلت پر حملہ کرنا، لوگوں کو شہید و زخمی کرنا قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین ہر شہری کو احتجاج کا حق دیتا ہے لیکن اس صوبے کے عوام کو آئین میں دیئے گئے حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ ہمارے نوجوانوں پر روزگار، تجارت کے دروازے بند کرکے انہیں لاپتہ کیا جاتا ہے۔ اس قسم کے ناروا اقدامات کا مقصد نوجوانوں کو گمراہ کرکے پہاڑوں کی طرف بھیجنے کے مترادف ہے۔ جب شہریوں کو آئینی، انسانی، جمہوری، اسلامی حقوق حاصل نہیں ہونگے تو وہ کیا کرینگے۔ انکا کہنا تھا کہ آج عمران خان کو جیل میں رکھا گیا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ میں ملک سے باہر جانیوالوں میں سے نہیں ہوں اور اپنے ملک کے عوام کیلئے لڑتا رہوں گا۔ جنہیں جیل میں ہونا چاہیے اسے ملک کے عوام پر مسلط کرکے حکمرانی دے دی گئی ہے۔ آج بھی اس سرزمین کے قائدین، سیاسی کارکن ملک میں آئین کی بالادستی، جمہوریت، عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ تمام تر سزاؤں کے باوجود اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہوئے۔
 
پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماء عبدالرحیم زیارتوال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1893 میں ڈیورنڈ خط کھینچی گئی اور اُس وقت سے لیکر کل تک خط کے آر پار رہنے والے لوگ آزادانہ طور پر آتے جاتے رہے ہیں۔ مسئلہ یہ بنا کہ خط کھینچنے سے لوگوں کے گھر، گاؤں، زرعی زمینیں، قبرستان تقسیم ہوگئے تھے۔ چمن کے لوگوں کی تقریباً کوئی 4 ہزار دکانیں مارکیٹیں اُس جانب ہے اور گھر دوسری جانب ہے۔ اپنی دکانوں، مارکیٹوں پر جانا روز کا معمول ہے۔ اب اسے بند کرنا، ان پر آمدورفت اور تجارت بند کرنا ان کے معاشی قتل عام کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں سیاسی جمہوری جماعتوں کی حق رائے دہی، مینڈیٹ اور سب سے بڑھ ملک کی سطح پر پاکستان تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا ہے۔ لوگوں کو جیلوں میں ڈالنے سے ان کی زبانوں پر تالا نہیں جاسکتا۔ آج میں اس اجتماع کو ایک بات بتانا چاہتا ہوں کہ اسمبلی میں بیٹھے ہوئے لوگ خود حیران و پریشان اور شرمندہ ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ کا مینڈیٹ ضلع پشین میں کس طرح چرایا گیا۔ پیسوں کے عیوض کن لوگوں نے مینڈیٹ خریدا یہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ اسی طرح صوبے کے مختلف اضلاع میں حقیقی سیاسی جمہوری پارٹیوں کا عوامی مینڈیٹ دن دہاڑے سرکاری سرپرستی میں چوری کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا صاحب نے کہا کہ حالیہ الیکشن میں بلوچستان کی اسمبلی 70 سے 80 ارب میں خریدی گئی ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہیں ابھی تو ہر وزیر، مشیر کیلئے بولیاں لگائی جارہی ہیں اور وزارتیں فروخت ہو رہی ہے۔ اس تمام صورتحال میں ہمارے الائنس کے کارکنان کسی بھی موقع پر غلط سلوگن کی جانب نہیں جائیں گے۔ ہم پاکستان زندہ آباد کہے گے اور اس کیلئے ضروری ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے ہمارا چھینا گیا۔ مینڈیٹ واپس کیا جائے اور اسمبلی سے لٹیروں، چوروں ، زر اور زور دھاندلی کے ذریعے آنے والے نمائندوں کو باہر کیا جائے اور آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری کو تسلیم کیا جائے۔
 
احتجاجی جلسے مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چمن کے عوام کے واحد ذریعہ معاش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ وہاں کوئی کارخانہ، فیکٹری، زراعت موجود نہیں، دو ہاتھوں کی محنت مزدوری کے ذریعے وہاں کے لوگ اپنے بچوں کی کفالت کرتے ہیں اور ان سے یہ حق چھینا ان کی معاشی قتل عام کے مترادف ہے۔ گزشتہ روز چمن پرلت پر حملہ کرنا، فائرنگ کے نتیجے میں تاجروں، مزدوروں کی شہادت، زخمی ہونے کے واقعات کی انجمن تاجران شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ چمن پرلت کے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور قانونی کارروائی کی جائے۔ ہم سیاسی جمہوری پارٹیوں اور چمن پرلت کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر احتجاج کیلئے تیار اور حمایت کرتے ہیں۔
 
پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے چمن کے ناخوشگوار واقعہ میں ایک نوجوان کی شہادت اور درجنوں کے زخمی ہونے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس شہیداور زخمیوں کو خون بہا کر جو حقوق تلفی کی گئی ہے۔ جب تک ان کے حقوق کو ان کی دہلیز تک نہ پہنچائیں ہم آرام سے نہیں بیٹھے گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی آئین پائمال ہے۔ ہماری پارٹی، لیڈر شپ، کارکنوں، ماؤں بہنوں پر جو ظلم ہوا، اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ لیکن اس کے باوجود تحریک انصاف اور یہ الائنس ملک میں آئین کیلئے کھڑی ہے۔ عوام کی امید عمران خان سے ہے اور اس ملک بچانے کیلئے ضروری ہے کہ عمران خان کو رہا کیا جائے۔ یہ ملک ایسے نہیں چلایا جاسکتا۔
 
انہوں نے کہا کہ نگران دور حکومت کے وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر قیادت ایک اجلاس میں ایک دوسرے پر الزام لگاتے رہے کہ گندم برآمدات میں اربوں روپے چوری کئے جو شرم کا مقام ہے۔ ہم اس ناجائز حکومت سے کہتے ہیں کہ آپ نے بلوچ بھائیوں کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں، انہیں لاپتہ کیئے ہیں انہیں بازیاب کرے۔ عمران خان سمیت تمام سیاسی رہنماؤں و کارکنوں کو رہا کیا جائے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے خلاف ضلع اانتظامیہ کی جانب سے ایف آئی آر اور وارنٹ گرفتاری کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔ اس قسم کے عوام دشمن، سیاست و جمہوریت دشمن اقدامات قابل افسوس ہے۔ ملک کو بنانے والے ہم سیاسی جمہوری لوگ ہے، ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقرعباس زیدی نے قبرستان ِ شہداء وادی حسین ؑ پر لینڈ مافیا کے قبضے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد میڈیا سیل سے جاری اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ قبرستان وادی حسین ؑ ایک مقدس اور محترم مقام ہے، یہاں ہزاروںشہداء وصدیقین اور مرحومین مدفون ہیں۔ روزانہ ہزاروںں افراد اپنے پیاروں کی قبور پر حاضری دیتے ہیں۔

انہوں نےمزید کہا کہ وادی حسینؑ کی اراضی پر کسی ہاؤسنگ کمپنی کی جانب سے قبضےکی کوشش کوملت جعفریہ قبول نہیں کرے گی، انتظامیہ وادی حسینؑ کے مطابق اب تک 6 ایکٹر اراضی پر قبضہ کرلیا گیا، ہم وزیر اعظم ، صدر مملکت ، آرمی چیف اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس غیر قانونی قبضے کا فوری نوٹس لیں۔

علامہ سید باقرعباس زیدی نے مزید کہا کہ وادی حسین ؑ قبرستان پر کسی بھی قسم کے قبضے کے خلاف شیعیان حیدرکرارؑ بھرپور احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے ۔

Page 1 of 1461

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree