The Latest
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صوبائی آرگنائزر علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ایک طرف تو عزاداروں کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں تو دوسری جانب انہی عزاداروں پر ناجائز اور بے بنیاد مقدمات قائم کیے گئے ہیں، ہم عزاداری اور عزاداروں کے خلاف ہونے والی اس طرح کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی و صوبائی قیادت، ملتان شہر کے علماء اور عمائدین، وکلاء، ممبران امن کمیٹی 14 جولائی کو ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کریں گے اور عزاداروں کے خلاف ہونے والی سازشوں پر اپنے لائحہ عمل کا اظہار کریں گے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں پر قائم بے بنیاد اور بلا جواز مقدمات کو فوری منسوخ کیا جائے، عزاداری سیدہ الشہداءؑ ہماری عبادت ہے اور اس پر کسی بھی قسم کی پابندی اور قدغن کو ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ پنجاب اور سندھ میں مجالس عزاء اور جلوس ہائے عزاء پر انتقامی متعصبانہ سوچ پر مبنی جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے۔
مقدماتت تکفیری عناصر کے اشارے پر درج کیے گئے ہیں اور پولیس نے بے گناہ عزاداروں کو بلاجواز حراساں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات ناقابل برداشت اور آئینی و مذہبی آزادی کے خلاف ہیں، عزاداری ہمارا آئینی و بنیادی حق ہے اور ہم حکومتی ذمہ داران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عزاداروں پر قائم کیے گئے تمام بے بنیاد مقدمات کو فوری منسوخ کیا جائے، چکوال، لاہور، ملتان کی ضلعی انتظامیہ ان مقدمات کو فوری طور پر کالعدم قرار دے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ بدامنی، دہشتگردی کے واقعات اور بے گناہ شہریوں کی شہادت ایک قومی سانحے سے کم نہیں۔ ہر پاکستانی کا دل اس المناک واقعے پر غمزدہ اور رنجیدہ ہے۔ یہ واقعات نہ صرف انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہیں بلکہ وطنِ عزیز کی سلامتی اور استحکام پر کھلا حملہ ہیں۔
زمینی حقائق اور شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ان واقعات کے پیچھے دشمن قوتیں، خصوصاً ہندوستان اور اسرائیل، گٹھ جوڑ کے ساتھ ملوث ہیں، جو بلوچستان میں انتشار، بداعتمادی اور بدامنی کے ذریعے پاکستان کی سالمیت اور قومی وحدت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ یہ سازشیں ایک طویل عرصے سے جاری ہیں، جن کا مقصد پاکستان کو داخلی طور پر کمزور کرنا اور قوم میں تفریق پیدا کرنا ہے۔
ہم اس ظلم و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ان شاء اللہ وطن کے ان معصوم شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ ان بے گناہ جانوں کے قاتلوں کا انجام عبرتناک ہو گا، اور ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے جائیں گے۔
ہمیں اس نازک اور حساس دور میں سیاسی بلوغت، قومی یکجہتی اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ یہ وقت سیاسی پوائنٹ اسکورنگ یا محاذ آرائی کا نہیں، بلکہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے اور بلوچستان سمیت پورے ملک کو امن کا گہوارا بنانے کا ہے۔ بلوچستان کے محبِ وطن عوام اس ملک کا وقار اور سرمایہ ہیں۔ ضروری ہے کہ ان کے ساتھ محبت، اعتماد اور احترام کا رشتہ مضبوط کیا جائے، انہیں سینے سے لگایا جائے اور ان کے مسائل کا حل مکالمے، انصاف اور شفاف حکومتی پالیسی کے ذریعے نکالا جائے۔
پاکستان اس وقت تاریخ کے ایک حساس اور نازک مرحلے سے گزر رہا ہے۔ سیاست دانوں، دانشوروں، اور ریاستی اداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ہر قدم انتہائی تدبر، بصیرت اور قومی مفاد کو سامنے رکھ کر اٹھائیں، کیونکہ تھوڑی سی غفلت بھی ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان سے دوچار کر سکتی ہے۔ ہمیں اجتماعی حکمت عملی اور اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا تاکہ وطنِ عزیز کو امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکے۔
اللہ تعالیٰ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور شہداء کے درجات بلند کرے۔ آمین۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)جیکب آباد کے معزز شہریوں کے وفد نے شہر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ملت جعفریہ کے پاس میڑ لے کر گئے۔ اس موقع پر علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ ہم شہر کے معززین کا احترام کرتے ہیں اور میڑ کو مان دیتے ہیں۔ کیونکہ ہم اتحاد بین المسلمین کے داعی ہیں اور تمام مکاتب فکر کے درمیان باہمی احترام کے قائل ہیں، مگر یوم عاشورہ کے جلوس پر بلاجواز حملے نے ملت جعفریہ کے دل زخمی کر دیئے ہیں۔ میڑ میں صدر چیمبر آف کامرس میر احمد علی خان بروہی، صدر جیکب آباد شہری اتحاد محمد یاسر خان ابڑو، پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے رہنماء ندیم قریشی، پ ٹ الف کے سابق مرکزی صدر انتظار حسین چھلگری، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ مظفر حسین خان رند، مہران سوشل فورم کے چیئرمین ایڈوکیٹ عبدالحئی سومرو، ڈی ایس پی سٹی، ڈی آئی بی انچارج انیس احمد سومرو، قاری باسط ڈول اور دیگر معززین شامل تھے۔ اس موقع پر ملت جعفریہ کے اکابرین، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، بزرگ شیعہ رہنماء سید احسان علی شاہ بخاری، ایم ڈبلیو ایم عزاداری ونگ کے صوبائی نائب صدر سید غلام شبیر نقوی، ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی صدر نذیر حسین جعفری، ایم ڈبلیو ایم یوتھ ونگ کے ڈویژنل صدر سید کامران علی شاہ، جعفریہ الائنس کے ڈویژنل صدر وزیر حسین مشہدی، انجمن سپاہ علی اکبر ٹرسٹ کے وائس چیئرمین راجہ سید ریاض علی شاہ، استاد خادم حسین برڑو و دیگر موجود تھے۔
اس موقع پر صدر چیمبر آف کامرس میر احمد علی خان بروہی نے کہا کہ یوم عاشورہ کے جلوس پر حملے پر ہمیں شدید دکھ ہوا ہے۔ ہم قبائلی رسم و رواج کے مطابق معززین شہر کی حیثیت سے میڑ کی صورت میں آپ کے پاس آئے ہیں تاکہ شہر میں امن و بھائی چارے کی فضا برقرار رہے۔ جیکب آباد میں رہنے والا ہر فرد ہمارے لئے قابل احترام ہے، اور ہم ملت جعفریہ کے اکابرین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ درگزر کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن کو موقع دیں۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ہم شہر کے معززین کا احترام کرتے ہیں اور میڑ کو مان دیتے ہیں۔ کیونکہ ہم اتحاد بین المسلمین کے داعی ہیں اور تمام مکاتب فکر کے درمیان باہمی احترام کے قائل ہیں، مگر یوم عاشورہ کے جلوس پر بلاجواز حملے نے ملت جعفریہ کے دل زخمی کر دیئے ہیں۔ چند شرپسند عناصر شہر کے امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز پوسٹوں سے ماحول کو خراب کر رہے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔
بزرگ شیعہ رہنماء سید احسان علی شاہ بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم چاہتے تو یوم عاشور کو دھرنا دے سکتے تھے، مگر ہم نے شہر کے امن کے لئے قربانی دی۔ ہم قانون اور امن کے دائرے میں رہتے ہوئے گفتگو اور باہمی احترام پر یقین رکھتے ہیں۔ شرپسندوں کے خلاف قانون کی عملداری اور انصاف کا قیام امن کی بنیاد ہے۔ آخر میں شرکاء نے اتفاق کیا کہ شہر میں قیام امن کے لئے انتظامیہ شر پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لائے اور بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے اور قانون کی بالا دستی کے ذریعے ہی شہر میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے، اور سوشل میڈیا پر شر انگیز پوسٹس چلانے والوں کے خلاف فی الفور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، اور روز عاشور واقعہ کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی ملت جعفریہ کے تحفظات دور کریں گے۔ آخر میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے دعائے خیر کی۔
وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب علی جعفری نے اے این پی کے مرکزی رہنماء مولانا خانزیب کی المناک شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کے لیے ایک بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ علامہ جہانزیب جعفری کا کہنا تھا کہ مولانا خان زیب اس سرزمین کے امن کے حقیقی سفیر تھے۔ انہوں نے ہر اس مقام پر اپنی موجودگی سے امن کی شمع روشن کرنے کی سعی کی، جہاں خون و آتش کا بازار گرم تھا ان کی کوششیں ہمیشہ صلح، بھائی چارے اور باہمی احترام کے گرد گھومتی رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خان زیب کی شہادت نے ہمارے دلوں کو غم سے بوجھل کر دیا ہے، یہ سانحہ خیبرپختونخواہ سمیت پورے پاکستان کے لیے ایک گہرا صدمہ ہے جس کے اثرات مدتوں محسوس کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین اس بزدلانہ اور سفاکانہ قتل کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اور معاشرے میں امن قائم ہو سکے۔ انہوں نے مولانا خانزیب کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اے این پی کی قیادت، بالخصوص ایمل ولی خان اور افتخار حسین شاہ سے بھی تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ آخر میں علامہ جہانزیب جعفری نے کہا کہ خداوند متعال سے دعا ہے کہ وہ مولانا خان زیب کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر و استقامت کی توفیق دے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پختون قوم اور پورے ملک کے باشعور، امن پسند اور اتحاد امت کے حامی حلقے آج شدید رنج اور غم کی کیفیت میں مبتلا ہیں کہ معروف پختون مذہبی اسکالر، اتحادِ امت کے داعی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما مولانا خان زیب کو بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔ یہ واقعہ محض ایک فرد کی ٹارگٹ کلنگ نہیں بلکہ وحدت کی اس روشن آواز کو خاموش کرنے کی ایک گھناؤنی سازش ہے، جو ایک عرصے سے خطے میں ملک دشمن قوتوں کی شاطرانہ چالوں کا شکار چلی آ رہی ہے۔ مولانا خان زیب نہ صرف علم و بصیرت کے حامل اور پختون سماج کی علمی و فکری روایت کا وقار تھے، بلکہ وہ ہر موقع پر مسلکی ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور وحدتِ امت کے لیے سرگرم رہنے والی شخصیت تھے۔
ان کی شہادت پشتون سرزمین میں قائم رہنے والی صدیوں پرانی روایتِ رواداری، باہمی احترام اور سماجی ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کی گہری سازش ہے، جس کے پیچھے وہی عناصر کارفرما ہیں جو اس خطے کو مسلسل بدامنی، اور میدانِ جنگ بنائے رکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ موجودہ نام نہاد حکمرانوں، سکیورٹی اداروں اور امن و امان کے ذمہ دار اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ آخر کب تک اس ملک کے معتدل مزاج، قومی مفاد کے حامی اور معاشرے کے بہترین لوگ اس دہشتگردانہ کھیل کے ذریعے نشانہ بنتے رہیں گے؟ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام مظلوموں، باشعور حلقوں اور امن پسندوں کو متحد ہو کر ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ دشمن کی ان چالوں کا راستہ روکنا اور خطے میں امن، وحدت اور بھائی چارے کی فضا قائم رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔میں شہید مولانا خان زیب کے اہلخانہ، عقیدت مندوں، عوامی نیشنل پارٹی اور پختون عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ اللہ رب العزت شہید کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے افکار و جدوجہد کو زندہ و تابندہ رکھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) وائس چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ کل خیبر پختونخوا کے ممتاز مذہبی اسکالر، معروف قلمکار اور عوامی نیشنل پارٹی کے جری رہنما مولانا خان زیب شہید دہشتگردی کا نشانہ بنے۔مولانا خان زیب شہید نہ صرف ایک ممتاز عالمِ دین اور پختون روایات کے پاسبان تھے، بلکہ وہ اتحاد امت، بین المسالک ہم آہنگی، اور خطے میں امن کے مؤثر علمبردار تھے۔
انہوں نے ہمیشہ شدت پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف جرأت مندانہ آواز بلند کی، نوجوان نسل کو شعور، فکری بیداری اور قومی وحدت کی دعوت دی، اور علمی و فکری محاذ پر روشن چراغ جلائے۔ان کی شہادت دراصل اعتدال پسند، باشعور اور امن پر یقین رکھنے والے معاشرتی کرداروں کے خلاف جاری سازشوں کا تسلسل ہے، جو خطے میں افتراق، بدامنی اور فتنہ انگیزی کا ایندھن بنائی جا رہی ہیں۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس بزدلانہ واردات کے اصل محرکات اور مجرموں کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے والوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔اللہ رب العزت شہید مولانا خان زیب کی مغفرت فرمائے، اور اہلِ خانہ و وابستگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔آمین
وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ ابراہیم اکارڈ معاہدہ اور دو ریاستی حل کسی صورت منظور نہیں، ابراہیم ایکارڈ معاہدہ دو ریاستی حل کی زمینہ سازی ہے جسے ملکی عوام مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی عوام اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، اسرائیل ایک ناجائز، دہشتگرد، غاصب ریاست ہے، ملکی حکمران امریکی خوشنودی کیلئے صہیونی ناجائز ریاست کوتسلیم کرنے کی باتیں چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے والے عرب حکمرانوں نے مسلم امہ سے خیانت کی، امریکہ نے معاشی دھوکا دیکر مشرق وسطیٰ کے کئی ممالک پر حملے کئے، ہزاروں بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع ہوا اور ہر جگہ ایسے ناکامی کا سامنا رہا، خطہ میں امریکی مفادات پورے ہونا صرف ادھورا خواب ہی رہے گا، نااہل حکمرانوں نے ملکی معیشت آئی ایم ایف کے رحم کرم پر چھوڑ کر ملک کو گروی رکھ دیا ہے، حکمران ملک سے مخلص ہوں امریکہ سے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانیان پاکستان کا غاصب اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا موقف واضح تھا، ہے اور رہے گا، آزادی فلسطین و مسجدِ اقصیٰ مسلم امہ کا دینی و شرعی فریضہ ہے، اہل فلسطین اپنے وطن میں بے گھر ہیں، خائن عرب ممالک نے کبھی غزہ سمیت اہلیان فلسطین پر اسرائیلی جارحیت رکوانے کی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی صہیونی ریاست کو مالی معاونت عرب ممالک کا پیسہ ہے، عرب ممالک کے امریکہ سے عربوں ڈالر کے تجارتی معاہدے فلسطینیوں کے خون بہانے پر خرچ ہو رہے ہیں، لاکھوں فلسطینی اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید اور اپنے ہی وطن میں بے گھر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے فلسطین کا خون رائیگاہ نہیں جائے گا، حماس سمیت خطہ میں تمام مزاحمتی گرہوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
وحدت نیوز(جھنگ)صوبائی آرگنائزر مجلس وحدت مسلمین، حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی نے اپنے ضلع جھنگ کے دورے کے اگلے مرحلے میں جھنگ سٹی کے مومنین کرام سے ملاقات کی۔اس اہم ملاقات میں مختلف تنظیمی عہدیداران اور شہر کے معزز عمائدین نے شرکت کی۔ علامہ سید علی اکبر کاظمی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے تنظیمی امور، حالاتِ حاضرہ، اور محرم الحرام کے انتظامات پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے بالخصوص بانیانِ مجالس، ماتمی سنگتوں، نوحہ خوانوں اور عزاداری کے پروگراموں میں خدمات انجام دینے والے وحدت یوتھ کے جوانوں کی بھرپور تعریف کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر جھنگ سٹی کے مومنین نے صوبائی صدر کو مقامی صورتحال سے آگاہ کیا اور محرم الحرام کے دوران جھنگ انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے مؤثر اقدامات کی تعریف کی۔ مومنین نے یہ بھی بیان کیا کہ تمام مسالک اور مکاتبِ فکر کے اکابرین کے مثبت کردار کی بدولت محرم الحرام کے مقدس ایام نہایت خوش اسلوبی اور امن کے ساتھ گزرے۔
وحدت نیوز(جھنگ)جناب حجت الاسلام والمسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی صاحب صوبائی آرگنائزر پنجاب کا جھنگ گڑھ موڑ موضع ڈل کا تعزیتی دورہ ،مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی آرگنائزر نے جھنگ کے علاقے گڑھ موڑ اور موضع ڈل موڑ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دو مرحومین، سید غلام عباس (فرزند سید اقبال حسین شاہ مرحوم) اور سید انتظار حسین شاہ (فرزند سید اختر حسین شاہ مرحوم) کے انتقال پر ان کے اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
صوبائی آرگنائزر مرحومین کی رہائش گاہوں پر گئے، جہاں انہوں نے پسماندگان سے ملاقات کی، ان سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا، اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔